یوم آزادی پر واپڈا ہائوس میں تقریب ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے پرچم کشائی کی

منگل 14 اگست 2018 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) یوم آزادی کے موقع پر واپڈا ہائوس میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے پرچم کشائی کی ۔بعد ازاں واپڈا سکولز کے طلباء و طالبات نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے ہم آہنگ ہوکر قومی ترانہ پیش کیا ۔

واپڈا اتھارٹی کے ممبرز، جنرل منیجر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) شعیب تقی ، واپڈا کے سینئر آفیسرز،دیگر ملازمین اور اُن کے اہلِ خانہ بڑی تعد اد میں موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے واپڈا سکولز کے طلباء و طالبات اور اُن کے اساتذہ کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں اور اُنہیں یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ واپڈا ملک کی ترقی اور سا لمیت کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے اِس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ واپڈا گزشتہ دو سال کے دوران اپنے انجینئرز اور دیگر ملازمین کی لگن اور محنت کی بدولت قومی ترقی میں اپنا مرکزی کردار دوبارہ حاصل کر چکا ہے ۔ واپڈا کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ واپڈا نے گزشتہ ایک سال کے دوران چار بڑے منصوبے مکمل کئے ہیں ،جن میں کچھی کینال ،گولن گول ، تربیلا کا چوتھا توسیعی منصوبہ اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں ۔

اِن منصوبوں کی تکمیل سے 72 ہزارایکڑ زمین سیراب ہورہی ہے اور قومی نظام میں دو ہزار 487 میگاواٹ پن بجلی شامل ہو رہی ہے ۔ بعد ازاں چیئرمین نے ڈیوٹی کے دوران وفات پانے والے واپڈا ملازمین کے بچوں میں خصوصی تحائف تقسیم کئے ۔ملی نغمے اور تقاریر پیش کرنے والے واپڈا سکولز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کو انعامات بھی دیئے گئے ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا ہائوس پر یومِ آزادی کی مناسبت سے خصو صی طور پر تیار کیا گیا ایک بہت بڑاقومی پرچم بھی آویزاں کیا گیا ہے ۔اِس پرچم کی لمبائی 100 فٹ اور چوڑائی 40 فٹ ہے ، جبکہ اِس کا وزن 180 کلو گرام ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں