سکیورٹی نے لیگی خاتون رکن اسمبلی کو نواز شریف کی تصویر اندر لیجانے سے روکدیا

تصویر نہ لیجانے دی گئی تو حلف نہیں اٹھائوں گی ،زیب النساء اعوان مزاحمت کے بعدکامیاب ہو گئیں

بدھ 15 اگست 2018 19:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی زیب النساء اعوان کو نواز شریف کی تصویر اندر لے جانے سے روکدیا گیا تاہم رکن اسمبلی شدید احتجاج اور مزاحمت کے بعد تصویر اندر لے جانے میں کامیاب ہو گئیں ۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن اسمبلی زیب النساء اعوان نواز شریف کی تصویر ہاتھ میں پکڑے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں پہنچیں تو سکیورٹی پر تعینات لیڈیز پولیس اہلکاروںنے انہیں تصویر اندر جانے سے روکدیا جس پر خاتون رکن کی جانب سے مزاحمت اور شدید احتجاج کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جیت ہماری ہوئی ہے اسے دھاندلی سے شکست میں بدلا گیا ، آج سکیورٹی والے اپنے نمبر بنا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر مجھے تصویر نہ لے جانے دی گئی تو میں اندر جا کر حلف نہیں اٹھائوں گی ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی نے انہیں تصویر کے ساتھ اسمبلی کی عمارت کے اندر جانے کی اجازت دیدی جس کے بعد انہوںنے ایوان میں نواز شریف کی تصویر ہاتھ میں پکڑ کر حلف اٹھایا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زیب النساء اعوان نے کہا کہ میرا تعلق وفاداروں کے شہر سے ہے ۔پرویز الٰہی کو ووٹ دینے کے لئے مجھ سے رابطہ کیا گیا لیکن میں نے صاف کہہ دیا ہے کہ ہم بکائو مال نہیں ۔ میںنے اپنے بچوں کو وصیت کردی ہے کہ جب میرا انتقال ہو تو میری میت پر پارٹی کا سبز پرچم ڈالا جائے اورمیری قبر کے کتبے پر نواز شریف کی شیرنی زیب النساء اعوان کنندہ کرایاجائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں