امید ہے عمران خان کے وزیراعظم بننے سے کھیلوں کی فیڈریشنز کے سربراہوں کا تقرر میرٹ پر کیا جائے گا، صادق محمد

جمعرات 16 اگست 2018 15:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ پوری امید ہے عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے تمام سرکاری ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی فیڈریشنوں کے سربراہوں کا تقرر بھی صرف اور صرف میرٹ پر کیا جائے گا اور اقرباء پروری کا خاتمہ ہوگا۔ ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کے زوال کی وجہ کھیلوں کے عہدیداران کا میرٹ سے ہٹ کر تقرر اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظرانداز کرنا ہے جبکہ کھیلوں کیلئے بجٹ میں کم رقم مختص کرنے سے کھلاڑیوں کو مناسب کوچنگ، ٹریننگ، ڈائٹ اور معاوضہ نہیں ملتا جس کی وجہ سے کھیلوں کے شعبوں میں لوگوں کی دلچسپی کم ہورہی ہے،صرف کرکٹ ہی ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑیوں کو بہترین معاوضہ ملتا ہے لیکن باصلاحیت کرکٹرز بھی پسند نا پسند کا شکار ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو وزیر اعظم بن کر ملک کے ہر شعبہ کیلئے ایک بہترین سسٹم دینا چاہئے تاکہ ملک ترقی کرسکے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر تجربہ ملا ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ حاصل ہوا ہے، عمران خان کو پی ایس ایل کو مزید ترقی دینی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ایک کرکٹر کا ملک کا وزیراعظم بننا بہت بڑی بات ہے، عمران خان نے 22سال جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ ارادہ مضبوط ہو تو انسان اپنی منزل پا لیتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں