بیگم کلثوم نواز نے مشرف آمریت کے خلاف پیپلز پارٹی،ن لیگ کو قریب لانے میں اہم کردار اداکیا، پیر معصوم نقوی

ہفتہ 15 ستمبر 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرسابق وزیر اعظم میاں نوا ز شریف سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ کی سیاسی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا، کیونکہ انہوںنے اس وقت کی شخصی آمریت کے خلاف آواز بلند کی جب بڑے بڑے عہدے لینے والے مسلم لیگی بھی جنر ل پرویز مشرف کی غیر آئینی حکومت کے خلاف بات کرنے کی نہ صرف جرات نہیں رکھتے تھے بلکہ کئی تو پارٹی بھی چھوڑ کر اس کے اقتدار میں شامل ہوچکے تھے۔

اورپھر جب اقتدار آیاتو دھوکہ دینے والے لوگ حکومت اور اسی مسلم لیگ ن میں نظر آئے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے نام تعزیتی خط میں دونوں رہنماوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز سیاسی میدان میں آنے والی خواتین کے لئے حوصلے کا باعث تھیں۔ جنہوںنے اس وقت بزرگ سیاستدان نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو قریب لاکر اے آرڈی بنانے میں بنیادی کردار ادا کیاتھا۔انہوںنے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شریف خاندان کو صبرجمیل عطافرمائے۔دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں