گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کا مقصد شجر کاری اور صاف ستھر ے ماحول سے متعلق احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے‘میاں اسلم اقبال

اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہے‘صوبائی وزیر صنعت نے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت مسلم ٹاؤن موڑ پر پودا لگایا،’’ صاف پانی زندگی ‘‘کے موضوع پر منعقدہ واک کی قیادت کی اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 16:24

گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کا مقصد شجر کاری اور صاف ستھر ے ماحول سے متعلق احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے‘میاں اسلم اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پورے ملک میں صاف اور سرسبز پاکستان کی مہم شروع کی ہے جس کا بنیادی مقصد لوگوں میں شجر کاری کی اہمیت اور صاف ستھر ے ماحول کے بارے میں احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے ،صاف ستھرے ماحول اور شجر کاری جیسے اہم موضوع کو نصاب میں بھی شامل ہونا چاہیے اور میں کابینہ کے اجلا س میں بھی معاملہ اٹھاؤں گا، اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ،اپنی آنے والی نسلوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے ہمیں مل کر اپنافرض ادا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم ٹاؤن موڑ پر گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا - صوبائی وزیر نے پنجاب گروپ آف کالجز کے زیراہتمام’’ صاف پانی زندگی ‘‘کے موضوع پر منعقدہ واک کی بھی قیادت کی -صوبائی وزیر نے مسلم ٹاؤن موڑ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا-قبل ازیں صوبائی وزیر نے پنجاب کالج میں گرین اینڈ کلین پاکستان کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور قوم کو ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں -نوجوان ہمارے ملک کا تابناک مستقبل ہیں اور انہو ںنے ہی آنے والے دنوں میں پاکستان کی سمت کا تعین کرنا ہے -ملک کی تعمیر وترقی میں بھی انہیں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے -انہو ںنے کہاکہ تعلیم کا مطلب شعور اور آگاہی ہے اور تعلیم ہی اچھے او ر برے میں تمیز کرنا سکھاتی ہی- مثبت سوچ سے ہی معاملات کو درست کیاجاسکتا ہے - تعلیم صرف اپنے لئے ہی نہیں حاصل کی جاتی بلکہ اسے معاشرے کی اصلاح اور دوسروں کو فیض یاب کرنا بھی اس کے حصول کا مقصد ہونا چاہیے -پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیاہے لیکن ہم اسے کچھ نہ دے سکے - اب وقت آگیاہے کہ وطن کی مٹی کا قرض اتارا جائے اور مثبت سوچ کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کی جائے - ہم اپنی سوچوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے تو ملک بھی ٹھیک ہوگا اور یہاں بھی بہتری آئے گی -انہو ںنے کہاکہ جن معاشروں میں والدین اور اساتذہ کا احترام نہیں رہتا وہ معاشرے مٹ جاتے ہیں - طلباء و طالبات محنت کریں اور حصول تعلیم پر توجہ دیں - انہوں نے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ناگزیر ہے -انہوں نے کہاکہ اگر کوئی گھر کی صفائی کرکے کوڑا باہر گلی میں پھینک کر یہ سمجھے کہ میری ذمہ داری ختم ہوگئی ہے تو اسے یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ اس کی ذمہ داری اب شروع ہوئی ہے - اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے - گرین اینڈ کلین پاکستان مہم اپنی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے شروع کی گئی ہے - گلوبل وارمنگ سے بچنے کا طریقہ شجر کاری ہے - انڈر پاسز او رپل بھی ضروری ہیں تاہم پہلے ہمیں انسانوں کے لئے سوچنا ہے او رانہیں بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے - پنجاب گروپ آف کالجز نے شجر کاری کے حوالے سے جو کام کیاہے تمام تعلیمی اداروں کو اسی طرح آگے بڑھنا چاہیے اور گرین اینڈ کلین پاکستان مہم میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں