وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا،مراد راس

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:53

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ پاکستانی طالبعلم قومی ترقی کی بنیاد اور ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ طالبعلموں کو جدیدخطوط پر تربیت دے کر تعلیم یافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔اس حوالے سے صوبائی حکومت تعلیمی تحقیق اور جستجو پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تا کہ پاکستانی طالبعلم کنویں کے مینڈک نہ بنیں بلکہ دنیا بھر میں رونما ہونے والی تعلیمی تبدیلیوں سے مستفید ہوں ۔

اس طرح پاکستانی طالبعلموں میں گلوبل ویژن پیدا ہو گا اور وہ قومی ترقی کے عمل میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے - ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ’’سپرٹ آف میتھ کانفرنس2018‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس تعلیمی کانفرنس میں کینڈا، امریکہ اور پاکستان سے طالبعلموں اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ تعلیم محض نصابی کتب کے مطالعے تک محدود نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد طالبعلموں کے ذہنی افق کو وسیع کرنا اور ان کے اندر خود اعتمادی کے اوصاف اجاگر کرنا ہیں تا کہ وہ اپنے شعبے میں صلاحیتیں بھر پور انداز سے بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی کی تعلیم بہت متنوع اور ہمہ گیر ہے جس کا مقصد طالبعلموں کو نت نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کا قابل بنانا ہے۔نئے پاکستان کا خواب فروغ تعلیم کے بغیر ممکن نہیںکیونکہ جہالت ایک مہیب سماجی لعنت ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے تعلیمی بجٹ میں فروغ تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے کیونکہ ہمارا عزم ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔

انہوں نے ’’سپرٹ آف میتھ کانفرنس 2018‘‘ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس انٹر نیشنل ایونٹ کے انعقاد سے پاکستانی طالبعلموں کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ سپرٹ آف میتھ کی ٹیم کے ساتھ مل کر اس پریکٹس کو پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بھی شروع کروائیں گے۔بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں سکول لائبریریز کو مکمل طور پر تبدیل کیا جائے گا اور انہیں طالبعلموں کے لئے نہایت یوزر فرینڈلی بنایا جائے گا تا کہ ان میں حصول علم کا شوق بڑھے۔

تقریب سے سابق صوبائی وزیر تعلیم عمران مسعود ،چیف ایگزیکٹیو آفیسراور بانی سپرٹ آف میتھ کمبرلے لانگنن سمیت عالمی ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں