فالج کے مریضوں کیلئے جنرل ہسپتال میں جدید طبی آلات سے آراستہ سنٹر قائم

دنیا میں اموات کی شرح کی سب سے دوسری بڑی وجہ فالج کی بیماری ہے‘پروفیسر محمد طیب سنٹر کی اپ گریڈیشن اور مریضوں کی سہولیات کے پیش نظر مذید اقدامات اٹھائے جائیں گے‘پرنسپل کا اعلان فالج ہونے کے 6تا24گھنٹے کے درمیان بذریعہ انجیو گرافی خون کے لوتھڑے کو نکالا جاتا ہے‘پروفیسر عمیر رشید چوہدری

بدھ 5 دسمبر 2018 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) پاکستان میں اپنی نوعیت آپ کا پہلے سٹروک سینٹر(فالج) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال میں قائم کر دیا گیا۔ اس سے پہلے ملک کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں تھی۔نیورو انجیوگرافی سویٹ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری کی سربراہی میں کام کرے گا ۔

گزشتہ روز پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے سٹروک سنٹر کا افتتاح کیا اور گفتگو میں کہا کہ جدید سہولتوں سے آراستہ سٹروک سنٹر فالج کے مریضوں کی شفا یابی میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سنٹر کی اپ گریڈیشن اور مریضوں کی سہولیات کے پیش نظر مذید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر رانا محمد شفیق ،اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر سید جعفر حسین شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری ، ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر عمران اور ڈاکٹر فاطمہ سمیت سینئر ڈاکٹرز کی بڑی تعدادشریک تھی۔

پرنسپل پروفیسر محمد طیب کا کہنا تھا کہ دنیا میں اموات کی شرح کی سب سے دوسری بڑی وجہ فالج کی بیماری ہے جس پر قابو پانے کیلئے اس طرح کے فالج سٹروک سینٹر انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جہاں جدید طبی آلات کے ذریعے مریضوں کو فوری علاج معالجے کی سہولت مل سکتی ہے۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری نے بتایا کہ کسی بھی شخص کو فالج ہونے کی6تا24گھنٹے کے درمیان بذریعہ انجیو گرافی خون کے لوتھڑے کو دماغ سے نکال دیا جاتا ہے اور بر وقت طبی امداد کی فراہمی سے مریض بہت سی پیچیدگیوں سے محفوظ رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں6دسمبر (آج ) سے 2روزہ کانفرنس شروع ہو رہی ہے جس میں ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک سے آئے ہوئے ڈاکٹرز عدنان صدیقی (امریکہ) عنصر طارق رائی(امریکہ) اسامہ منصور (مصر) احمد سوبری(ملائشیا)اور حسین حیدر شاہ (دبئی) نہ صرف لیکچرز دیں گے بلکہ فالج کے مرض میں ہونے والی جدید پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے ،پروفیسر ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک سے ڈاکٹرز کی ایسی کانفرنس میں شرکت خوش آئند ہے جس سے نہ صرف نوجوان ڈاکٹرز کو تربیت کا موقع ملے گا بلکہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال میں بھی مدد حاصل ہو گی ۔اس موقع پر ڈاکٹر زنیراورڈاکٹر حبیب بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں