ْ پاکستان ریلوے پولیس ٹریننگ سکول والٹن میں ٹریفک مینجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب کا انعقاد

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:52

لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) سٹی ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام پاکستان ریلوے پولیس ٹریننگ سکول والٹن میں ٹریفک مینجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب کا انعقادکیا گیا،کیپٹن (ر)لیاقت علی ملک کی بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ڈی آئی جی پاکستان ریلوے پولیس اظہر رشید خان، سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک، پرنسپل ٹریننگ سکول ایس ایس پی امنان امین نے پریڈ کا معائنہ کیا،ٹریفک مینجمنٹ کورس میں پاکستان ریلوے پولیس کے 42 اہلکاروں کو ٹریفک مینجمنٹ کی تربیت دی گئی جن میں افسران و جوانوں سمیت تین خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

ٹریفک مینجمنٹ کورس انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن کی خصوصی ہدایات پر شروع کیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی نے خصوصی تعاون کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس کے بہترین تربیت یافتہ انسٹرکٹرزکو ریلوے پولیس اہلکاروں کی تربیت پر مامور کیا۔

(جاری ہے)

ٹریفک مینجمنٹ کورس 02ماہ کے عرصہ پر مشتمل تھا جس میں ریلوے پولیس اہلکاروں کو ٹریفک قوانین، ٹریفک سگنلز،روڈ ایکسیڈ نٹ اور جدید اسلحہ کے متعلق بنیادی تربیت دی گئی،مہمان خصوصی سی ٹی او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک کورس میں پاس آوٹ ہونے والے ریلوے پولیس اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس اہلکاروں کا اب یہ فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اورڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے شعور کو اجاگر کریں۔

اے آئی جی ایڈمن پاکستان ریلوے پولیس میاں افنان امین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس میں بہتری کا عمل جاری ہے اور آئی جی ریلوے پولیس کے مشن کے مطابق ریلوے پولیس کو اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ بھی کیا جارہا ہے تاہم ملازمین کا یہ فرض ہے کہ اپنی ڈیوٹی فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ سر انجام دیتے ہوئے ریلوے پولیس کے امیج کو مزید بہتر بنائیں۔

تقریب کے آخر میں سی ٹی او نے پاس آوٹ ہونے والے ریلوے پولیس کے افسران و جوانوں میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اے آئی جی ایڈمن پاکستان ریلوے پولیس نے سی ٹی او لاہور کو ریلوے پولیس کی طرف سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ ٹریفک کورس میں پاس آوٹ ہونے والے اہلکار ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنوں اور ان سے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں