گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات

ملاقات باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ صوبے کے انتظامی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا

اتوار 16 دسمبر 2018 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دل چسپی کے امور کے علاوہ صوبے کے انتظامی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار گورنر ہاس میں سیر و تفریح کے لئے آئے لوگوں سے ملے اور ان سے مسائل دریافت کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خاں کی قیادت میں حکومت پنجاب شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہریوں میں گھل مِل گئے اور لوگوں نے ان کے ساتھ سلفیاں بھی بنائیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مقامی ہوٹل میں مشہور شاعرہ محترمہ ناز بٹ کے پہلے شعری مجموعے وارفتگی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترتیب،نشو نما اور علمی بسالت میں وہاں کے ادیب، مفکر،شاعر اور اہل قلم کا کردار بہت اہم ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

اِن کی مثبت تنقید جمہوریت کا حسن ہوتی ہیں جس سے حکومتیں اپنی اصلاح کو مدِنظر رکھتے ہوئے مزید ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خواب بھی ایک شاعر اور مفکر نے ہی دیکھا تھا جسے دنیا ڈاکٹر علامہ اقبال کے نام سے جانتی ہے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ ادیب، شاعر اور کالم نگار کی تحریروں میں وہ چیزیں عیاں ہوتی ہیں جو قوموں کو نہ صرف زندہ رکھتی ہیں بلکہ حکومت وقت کو درست سمیت کا تعین کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالم نگاروں کی تحریروں میں تنقید دراصل حکومت کی مخالفت میں نہیں لکھی جاتیں بلکہ اِن کی رہنمائی کے لئے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت تنقید بہت ضروری ہوتی ہے کیونکہ جب تک اصلاح نہیں ہوگی صحیح سمت سفر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج کی اِس پر وقار تقریب میں فن و ادب سے وابستہ بہت سی معروف شخصیات موجود ہیں جن کے حصار میں میں خود کو گورنر کم اور شاعر زیادہ محسوس کررہا ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ناز بٹ صاحبہ شاعرانہ راز و نیاز سے بخوبی آشنا ہیں اور لفظ کو معنی کے روپ ڈھالنے کے فن سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کلام ان کے چہروں سے عیاں ہوتا ہے اور کچھ لوگوں کا چہرہ اِن کے کلام میں ڈھلاہوتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ناز بٹ کی شاعری میں گہرائی ہی گہرائی ہے اور ان کی یہ کاوشیں بلکہ اِن کی شاعرانہ گفتگو اور فلسفیانہ جستجو کتابی شکل میں آئی تو وارفتگی کا روپ اختیار کر گئی۔تقریب میں نامور صحافی اور کالم نگار امجد اسلام امجد، مجیب الرحمان شامی، سجاد میر، اجمل نیازی، سلمان غنی، نجم ولی، ڈاکٹر اسلم ڈوگر، عباس تابش اور محترمہ یاسمین حمید کے علاو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں