وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پروگرام کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے ‘خالد محمود

ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور سر سبز و شاداب پاکستان کا خواب پورا ہوگا‘:صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ

پیر 25 مارچ 2019 17:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کا خواب ضرور پورا ہوگا ،وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پروگرام کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔

(جاری ہے)

شیخوپورہ میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ آئندہ نسل کے مستقبل کو صحت مند اور محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح لوکل گورنمنٹ اور صفائی کے شعبے کو کرپشن کی آماجگاہ بنا دیا ،بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے اضلاع تک صفائی ستھرائی کا کوئی منظم نظام موجود نہیں اور اب موجودہ حکومت نئے سرے سے ایسا سسٹم تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے جس میں شہریوں کو بنیادی سہولتوں کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے اور ماحول کو بہتر بنانے کی سہولت حاصل ہو سکے ،میاں خالد محمود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے ہر ضلع میں کلین اینڈ گرین مہم کی کامیابی کیلئے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں سونپی ہیں جبکہ اُن کے ذمہ شیخوپورہ کا ضلع ہے ،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ صفائی ستھرائی کے اعتبار سے شیخوپورہ کو مثالی ضلع بنائیں گے ،صوبائی وزیر نے طلبا و طالبات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،ہر شہری اپنے اور اپنے والدین کے نام پر نہ صرف پودے لگائے بلکہ اُن کی حفاظت بھی یقینی بنائے،اس موقع پر صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے پودا لگایا اور وہاں لگائی گئی پھولوں کی نمائش بھی دیکھی ،اراکین اسمبلی ،بلدیاتی نمائندے اور شیخوپورہ کے معززین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں