مرکزی علماء کونسل پاکستان کا قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے اگست میں ’’استحکام پاکستان ‘‘کے عنوان سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات کے انعقاد پر حکومت ،افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ،صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی

پیر 22 جولائی 2019 23:42

لاہور۔22 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) مرکزی علماء کونسل پاکستان نے جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے ماہ اگست میں ’’استحکام پاکستان ‘‘کے عنوان سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اس سلسلہ میں یکم اگست کو فیصل آباد میں استحکام پاکستان طلباء سیمینار، 4 اگست کو گوجرانوالہ میں، 5اگست کوخانیوال میں، 14اگست کو قاسمیہ کالج فیصل آباد میں تقریب پرچم کشائی ،25اگست کو چنیوٹ میں استحکام پاکستان کانفرنس ،27اگست کو جھنگ میں اور31اگست کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں استحکام پاکستان کانفرنسیں منعقد کرے گی جبکہ 14 اگست کو مرکزی علماء کونسل سے منسلک تمام دینی مدارس پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔

یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے وائس چیئرمین حافظ شعیب الرحمن ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا محمد امجد،مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی ،صدر پنجاب مولانا محمد مشتاق لاہوری،جنرل سیکرٹری حافظ مقبول احمد ،مولانا ابوسفیان حنفی، مولانا عثمان طارق،قاری عصمت اللہ مولانا ثناء اللہ فاروقی، مولانا عمر قاسمی،مولانا رسال الدین آزاد،مولانا سید آصف شاہ بخاری،شہزاد رفیق ،طلحہ احمد خان ایڈووکیٹ ، لاہورڈویژن کے صدر حافظ سعید احمد میئو اورمولانا عبید اللہ حیدری کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس میں کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کانفرنسوں کے ذریعے معاشرے سے منافرت ،تنگ نظری ، عدم برداشت ،فرقہ وارانہ منافرت اور طاقت کے بل بوتے پر اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کے منفی رجحانات کاخاتمہ کیا جائے گا۔متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کی روشنی میں قومی یکجہتی کوفروغ دیا جائے گااور جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خود کش حملہ اور پولیس پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں ملک میں انتشارو بدامنی پیدا کرنا چاہتی ہیں۔

خود کش حملے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات کے انعقاد پر حکومت ،افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔قبائلی اضلاع میں پائیدار امن کا قیام استحکام پاکستان کی جانب اہم پیشرفت ہے۔قبائلی عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنا ریاست کا خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کررہی ہیںحالانکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو آئین کے مطابق ہر قسم کا تحفظ اور حقوق حاصل ہیں۔اسلام نے جتنے حقوق اقلیتوں کو دئیے ہیں دنیا میں کسی بھی مذہب یا قانون نے اتنے نہیں دئیے۔ مرکزی علماء کونسل وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کے دورہ امریکہ کاخیر مقدم کرتی ہے اورامید کرتی ہے کہ اس دورے سے خطے میں امن اور استحکام کو پختگی حاصل ہوگی اور قوم جس مشکل اور معاشی صورتحال سے دوچار ہے اس سے نکلنے کی نئی راہیں نکلیں گی۔

وزیر اعظم اور آرمی چیف کے دورہ امریکہ سے بہتر تعلقات کی امید کرتے ہیں اور اس دورے سے پاکستان مخالف قوتوں کو ناکامی ہوگی ۔پاک امریکہ تعلقات مستحکم ہونے سے خطے کے اندر بھی امن اور استحکام آئے گا۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مدارس اصلاحات کے سلسلہ میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کی قیادت اور حکومت کے مابین ہو نے والے معاہدہ جات کی مرکزی علماء کونسل مکمل تائید کرتی ہے۔

حکومت اوراتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کی قیادت مل بیٹھ کر جو امور طے کرے گی مرکزی علماء کونسل مکمل تعاون کرے گی۔مرکزی علماء کونسل کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر تمام رجسٹرڈ دینی مدارس کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے این او سی جاری کئے جائیں ۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مشاورت کے بعد مرکز میں مولانا عبد المنان عثمانی کو وائس چیئرمین اورحافظ محمد امجد کومرکزی ڈپٹی سیکرٹری نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں