کرپشن ختم کئے بغیر ترقی ممکن نہیں،اقرباپروری اور موروثیت نے اداروں کابیڑہ غرق کر دیا ‘محمد جاوید

پاکستان وسائل سے مالامال ،حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

بدھ 21 اگست 2019 14:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب اور صدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ منافع بخش اداروں کو ناقص حکمت عملی اور اونے پونے داموں فروخت کرنے کی خواہش نے حکمرانوں کی نااہلی کوعیاں کردیا ہے۔ پاکستان کے قومی ادارے پی آئی اے،اسٹیل مل،واپڈا،ریلوے سیاسی بھرتیوں کے باعث خسارے میں جارہے ہیں۔

اقرباپروری اور موروثیت نے سرکاری اداروں کابیڑہ غرق کر دیا ہے۔حکومت ہر محاذ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ادارے تباہ وبرباد ہوچکے ہیں۔ نیب اور ایف آئی اے میں موجودبدعنوان افراد کا بھی احتساب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے مگر بدقسمتی سے حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے۔جب تک حکمران اپنا قبلہ درست نہیں کرلیتے ملکی حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ڈنگ ٹپائوپالیسیوں کاخمیازہ پوری قوم بھگتنے پر مجبور ہے۔ٹھنڈے اسے سی کمروں میں بیٹھ کر عوام کے مسائل کاحل نہیں نکالاجاسکتا۔

محب وطن قیادت کافقدان ہماراسب سے بڑاالمیہ ہے۔جب تک پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایماندار،پاک صاف اور باکردار قیادت میسر نہیں آجاتی ملکی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کا بس چلے توپورے ملک اور اس کے تمام اداروں کو بھی فروخت کردیں۔موجودہ حکمرانوں کی ان ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کو متحد ہونا پڑے گا۔ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔

لوگوں کے لیے دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوچکا ہے۔کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور بدعنوانی کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ الحمد اللہ جماعت اسلامی کی کوششوں کی بدولت آج ملک میں کرپٹ عناصر کا احتساب ہورہا ہے۔پانامالیکس میں شامل دیگر پاکستانیوں کیخلاف بھی کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہاکہ ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔تمام سرکاری ادارے کرپٹ لوگوں سے بھرے پڑے ہیں۔لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی رشوت دینی پڑتی ہے۔تبدیلی کے دعوے داروں نے عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں