نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کا لاہو رچیمبر آف کامرس کا دور ہ

چیمبر کی کارکردگی و ملکی میں معیشت اور پالیسی سازی میں کردار کے بارے سوال جواب کئے

پیر 21 اکتوبر 2019 23:29

ؔلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹاف لیفٹینیٹ ریٹائرڈ اعجاز احمد کی سربراہی میںلاہو رچیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے ملاقات کی اور لاہور چیمبر کی کارکردگی و ملکی میں معیشت اور پالیسی سازی میں کردار کے بارے سوال جواب کئے۔

جبکہ اس موقع پر لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر، چوہدری نصرت طاہر اور ذیشان سہیل ملک بھی موجود تھے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ایکسپورٹر ز کی سہولت کیلئے ایکسپورٹ سہولیاتی سنٹر قائم کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور بین الاقوامی منڈی میں اپنا مقام پیدا کرنے کیلئے ایکسپورٹرز کیلئے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے،مگر سرٹیفیکیٹ فیس بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے ہر کوئی حاصل نہیں کرتا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اس فیس کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کوکم شرح نمو، شرح سود اور مہنگائی میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی جیسے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے،اس کے ساتھ ہی کاروبار کو سیلز ٹیکس ، ود ہولڈنگ ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹیز جیسے ٹیکسز کے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ان تمام مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے اور حکومت کو تجویز پیش کرتا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر معاشی اور ٹیکس سے متعلق اصلاحات لانے کیلئے تاجر برادری کو اعتماد میں لے کیونکہ معیشت کی صورتحال ان پر اور لاکھوں لوگوں کے روزگار پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی و قانونی فریم ورک تشکیل دیتے وقت اس بات کو اولین ترجیح دینی چاہیے کہ اس سے نجی شعبہ کی سرگرمیاں متاثر نا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کیلئے صوبائی و وفاقی حکومت اور حکومتی محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب علی حسام اصغر نے کہا کہ ملک میںغیر مستحکم ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سیکٹر کی وجہ سے ہماری برآمدات آج بھی ٹیکسٹائل سیکٹر کے گرد گھومتی ہیں،جبکہ ہمارے ملک میں کئی شعبوں میں برآمدات کا بھرپور پوٹینشل موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صنعتوں میں ٹیکنالوجی میں اضافہ اور جدت لانے کی شدید ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ زیادہ درآمدی ڈیوٹی کی وجہ سے ملک برآمدی مسابقت حاصل کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری پاکستان ریلوے کی حوصلہ افزائی اور ترقی کیلئے اپنا سارا کارگو کا نظام ریلوے پر منتقل کرنے کی خواہاں ہے کیونکہ دنیا بھر میں ریلوے کارگو کیلئے بہترین ، پُر اعتماد اور سستا ذریعہ مانا جاتا ہے ،تاہم حکومت اس سلسلے میں بھی توجہ دے۔ نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہور چیمبر تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے روزانہ بنیادوں پر حکومتی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں