کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا بھر کے سامنے پیش کرنے کے لیے پنجاب کسی سے پیچھے نہیں رہے گا ‘ راجہ بشارت

محکمہ ٹرانسپورٹ مسئلہ کشمیرسے متعلقہ پیغامات پر مبنی پبلسٹی بس چلائے گا جو ہر ضلع کا دورہ کرے گی ‘صوبائی وزیرقانون کا اجلاس سے خطاب

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا بھر کے سامنے پیش کرنے کے لیے پنجاب کسی سے پیچھے نہیں رہے گا اور27 اکتوبر کو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کربھر پور طریقے سے یومِ سیاہ منایا جائے گا-وہ سول سیکریٹریٹ میں کشمیر کمیٹی پنجاب کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھی-کشمیرکمیٹی کے ارکان ایم پی اے عظمیٰ کاردار، ایم پی اے مہندر سنگھ پال اور محکمہ اطلاعات و ثقافت، محکمہ ٹرانسپورٹ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ڈی جی پی آر کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھی-وزیر قانون نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا رہا ہی-انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں ہر جمعہ کو کشمیر آور منایا جا رہا ہی-انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کشمیر کمیٹی کی سرگرمیوں پر مبنی جامع ویب سائٹ اورآن لائن دس لاکھ دستخطوں کی مہم فوری شروع کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں-قبل ازیں مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ مسئلہ کشمیرسے متعلقہ پیغامات پر مبنی پبلسٹی بس چلائے گا جو ہر ضلع کا دورہ کرے گی جس کے اندر اور باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر مبنی نعروں اور پیغامات کے بینرز، تصاویراور پوسٹرزآویزاں ہوں گی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں