بطور پبلک سرونٹ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم حکومت کی پالیسیوں پر بر وقت عملدرآمد کیلئے گورننس اور سروس ڈلیوری کو بہتر کریں‘اعظم سلیمان

ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی ، ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی حاضری کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے‘چیف سیکرٹری پنجاب

جمعہ 24 جنوری 2020 00:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) سرکاری اداروں میں گورننس اورسروس ڈلیوری کی بہتری، حکومتی پالیسیوں پر بر وقت عملدرآمد اورسسٹم میں شفافیت کیلئے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے میکانزم کے جائزے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور کمشنر لاہور ڈویژن نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ بطور پبلک سرونٹ ہمارے کندھوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم حکومت کی پالیسیوں پر بر وقت عملدرآمد کیلئے گورننس اور سروس ڈلیوری کو بہتر کریں اور دن رات عوامی خدمت کیلئے کام کریں تاکہ نا صرف عوام کو ریلیف مل سکے بلکہ سسٹم بھی صیحح طریقے سے چلے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ڈیجیٹائز یشن کریں تاکہ قیمتی وقت اور پیسے کو بچایا جا سکے، آٹو میشن سے نظام میں شفافیت کے ساتھ ساتھ عملدرآمد میں تیزی آئے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بطور گورنمٹ سرونٹ عوامی نمائندوں کیساتھ مستقل رابطہ رکھیں اور انکے کام ترجیحی بنیادوں پر کریں تاکہ عوامی مسائل کابر وقت ازالہ ہو سکے۔ اجلاس میںیہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے عمل میں نا قص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کے افسران کے خلاف کمشنرز کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری نے تما م فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی خود مانیٹرنگ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی شے کی عدم دستیابی کا مسئلہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی ، ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی حاضری کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ اضلاع میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں