جماعت اسلامی بھارت میں مسلمانوں سمیت مظلوم اقلیتوں کے خلاف ہونیوالے ظلم و جبر کے خلاف کل یوم احتجاج منائے گی

جمعرات 27 فروری 2020 18:10

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) جماعت اسلامی کا کل جمعہ کو بھارت میں مسلمانوں سمیت مظلوم اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف یوم احتجاج کا اعلان‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ بھارت میں شہریت قانون کے خلاف مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں طویل عرصے سے احتجاج کر رہی ہیں مگر ٹرمپ کی آمد پر اس احتجاج کو کچلنے کے لیے آر ایس ایس کے غنڈوں کو جلائو ، گھیرائو اور قتل عام کی کھلی چھوٹ دی گئی ‘ پولیس اور دیگر فورسز نے اقلیتوں کو تحفظ دینے کی بجائے آر ایس ایس کا ساتھ دیا‘ انہوںنے کہاکہ بھارت نے ظلم و جبر کا جو بازار کشمیرمیں گرم کر رکھا تھا ، اسے پورے بھارت میں پھیلا دیا گیاہے ۔

لاکھوں مسلمانوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے ‘ مساجد و مدارس اور بستیوں کو جلایا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ،اقوا م متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارت میں ہونے والے قتل عام کا نوٹس لینا اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری مجرمانہ خاموشی ترک کر کے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کا قتل عام رکوائے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف آج یوم احتجاج منائے گی‘انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی فسادات کے شہدا اور زخمیوں کے لیے دعائیں کی جائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں