پانچ بجے کاروبار بند کرنے کا مطلب ساڑھے چار بجے ہے،فوڈ سپلائی پر کوئی پابندی نہیں، سی سی پی اولاہور

جمعہ 3 اپریل 2020 20:29

لاہور۔3 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلائو روکنے کیلئے تمام شعبوں کو تعاون کرنا ہوگا۔ شام پانچ بجے کاروبار بند کرنے کا مطلب ساڑھے چار بجے ہے۔ پانچ بجے تک سٹورز کے اندر موجود صارفین کو فارغ کردیا جائے۔ وہ بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان شیخ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید بھی موجود تھے۔ سربراہ لاہور پولیس نے زور دے کر کہا کہ پبلک ڈیلنگ والے دفاتر میں نشان لگا کر فاصلہ یقینی بنایا جائے۔ سماجی فاصلہ لازمی یقینی بنایا جائے چاہے قطار لمبی ہی کیوں نہ ہو۔ جہاں پابندیوں پر عملدرآمد میں مشکل ہو وہاں پولیس کو مطلع کریں۔

(جاری ہے)

ذوالفقار حمید نے واضح کیا کہ فوڈ سپلائی پر کوئی پابندی نہیں تاہم ٹرکوں پر مسافر سوار کرنے سے گریز کیا جائے۔

کنٹینرز میں ایک ہی جگہ اتنے افراد کو رکھنا کورونا کو حملے کی دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے بزنس کمیونٹی سے کہا کہ کام پر صرف ضروری سٹاف بلایا جائے اور رش سے گریز کیا جائے۔ سٹورز پر میگا فون کے ذریعے بار بار ماسک پہننے اور احتیاط کرنے کے اعلانات کرائے جائیں۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان شیخ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قومی جذبے سے کام لینا ہوگا۔ بزنس کمیونٹی حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں