پولیس کی جانب سے شاہدرہ‘ مصری شاہ میں راشن بیگ تقسیم

شہریوں کو کورونا وباء سے بچانے کے ساتھ ساتھ ان کی مدد کیلئے بھی کوشاں ہیں، مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ذوالفقار حمید

اتوار 5 اپریل 2020 18:35

لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) لاہور پولیس کورونا سے شہریوں کو بچانے کے ساتھ ان کی مدد کیلئے بھی کوشاں ہے‘ سی سی پی او ذوالفقار حمید کی ہدایت پر کورونا سے پریشان افراد میں راشن کی تقسیم کا عمل تیز کر دیا گیا ہے‘سی سی پی او نے کہا ہے کہ ہفتے کو شاہدرہ اور مصری شاہ میں 200، 200 راشن بیگ تقسیم ہوئے‘ تھانہ ہنجروال، چوہنگ، شیراکوٹ تھانے میں بھی 600 بیگ تقسیم ہوں گے۔

تھانہ فیکٹری ایریا، شاہدرہ اور مصری شاہ کے لئے 200، 200 بیگ راشن پیک کر لیا گیا‘ یہ سلسلہ دیگر علاقوں میں بھی جاری رکھا جائے گا‘ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ ہر ڈویژن میں ایس پی اور ڈی ایس پی اپنی نگرانی میں راشن تقسیم کرے‘ پیکیج میں آٹا، چینی، گھی دالیں، صابن، سینی ٹائزر اور ماسک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز لاہور محمد نوید کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں‘ ایس پی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر کی نگرانی میں پولیس لائنز میں راشن کی پیکنگ کا کام کیا جا رہا ہے‘ اس کے علاوہ پولیس اپنے علاقے میں مخیر افراد کو بھی راشن کی فراہمی کی ترغیب دے رہی ہے۔

سربراہ لاہور پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے‘ پولیس کو کورونا کے باعث کم آمدن والے افراد کی مشکلات کا احساس ہے‘ بحران کے خاتمے تک ان کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں