انتخابی فہرستوں میں مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنیکا فیصلہ

پراجیکٹ میں پنجاب کے (چھ) اضلاع شامل، متعلقہ اضلاع کے ریجنل اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کیلئے تربیتی ورکشاپ

پیر 6 جولائی 2020 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے تما م اہل ووٹرز کا درست اندراج او ر مستند فہرستوں کی تیاری پہلا اور اہم مرحلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں میں مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے حوالہ سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر افیئر ز اور متعلقہ اضلاع کے الیکشن کمشنر ز اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر کے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت موجود ہ انتخابی فہرستوں میں مردو خواتین ووٹرز کے مابین 12.7(بارہ اشاریہ سات)ملین کا فرق ہے، اس صنفی فرق کو ختم کرنا نہ صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، بلکہ متعلقہ تمام اداروں بشمول نادرا اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس صنفی فرق کی وجوہات کو جاننے اور تمام اہل لوگوں بشمول خواتین کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کے لئے اس پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران، تصدیق کنندہ گان اور تمام متعلقہ اداروں کا کردار اس پراجیکٹ کے حوالہ سے بہت اہم ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر افیئر ز محترمہ نگہت صدیق نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ز اپنے اضلاع کے تمام کام کی نگرانی کریں گے، اور و ہ اپنے اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران اور تصدیق کنندہ گان کو تربیت دیں گے، اور پراجیکٹ میں استعمال ہونیوالے رجسٹر اور دیگر ضروری سامان مہیا کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تصدیق کنندہ گان اپنے تفویض کردہ شمارتی بلاک کے ہر گھر میں جاکر خاندان کے سربراہ یا کسی ممبر کا نام، شناختی کارڈ نمبر، گھر کا پتہ اور دیگر کوائف لیکر اس کا اندراج رجسٹر میں کرائیگا۔ تربیت کے اختتام پر صوبائی الیکشن کمشنر نے تمام شرکاء کو اسناد تقسیم کئے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے شیڈول کے مطابق تمام انتظامی امور 10(دس)جولائی تک مکمل کئے جائینگے، 15(پندرہ)جولائی تک تربیتی ورکشاپس منعقد ہوں گی، تصدیق کنندہ گان سروے 16(سولہ)تا 27(ستائیس) جولائی تک جبکہ اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران10(دس)اگست تک مکمل کرینگے۔

ڈیٹا انٹری 20(بیس)اگست تک مکمل کیا جائیگا۔ جبکہ پائلٹ پراجیکٹ 31(اکتیس)اگست تک مکمل کیا جائیگا، اس پراجیکٹ کے لئے پنجاب کے 6(چھ)اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں صنفی فرق زیادہ ہے، ان میں سرگودھا کی تحصیل بھیرہ، فیصل آبادمیں تاندیانوالہ، شیخوپورہ میں صفدرآباد، بہاولنگر میں فورٹ عباس، ڈیرہ غازی خان میں کوہِ سلمان اور رحیم یار خان میں صادق آباد کے علاقے شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں