نواز شریف کو ملک واپس لانے اور نیا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

پیر 21 ستمبر 2020 19:35

نواز شریف کو ملک واپس لانے اور نیا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف نے سزا یافتہ نواز شریف کو ملک واپس لانے اور نیا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ۔تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سزا یافتہ اور مجرم ہیں،مقدمات اور سزا سے بچنے کیلئے اپنی صحت کا بہانہ بناتے ہوئے ملک سے بھاگ گئے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف ریاستی اداروں کو بھی دھوکہ دے کر پاکستان سے باہر گئے ۔نواز شریف کا جھوٹ، بناوٹ اور اداکاری قوم کے سامنے آ چکی ہے۔نواز شریف بستر مرگ سے بھاگ کر برطانیہ جا کر عیاشیاں کر رہے ہیں،عوام چاہتے ہیں کہ سزایافتہ مجرم نواز شریف کو پاکستان واپس لا کر جزا ور سزا کے عمل سے گزارا جائے۔ مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف دیگر مقدمات کے ساتھ بذریعہ اداکاری ملک سے فرار ہونے کا نیا مقدمہ بھی درج کر کے سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں