اپوزیشن کا قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف لب و لہجہ افسوسناک ہے : میاں محمودالرشید

تین بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں

پیر 26 اکتوبر 2020 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہاہے کہ اپوزیشن نے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں جلسوں کے دوران قومی اداروں کے خلاف جو لب و لہجہ اختیار کیا وہ افسوس ناک ہے۔ تین بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف قومی سلامتی کے اداروںپر بے جا تنقید کر کے ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ ماضی میں مسلسل 30سال تک اقتدار میں رہنے والی (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کا یک نکاتی ایجنڈا ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینا ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت ان کی کرپشن پر پڑے سارے پردے اٹھا کر رہے گی۔میاں محمودالرشید نے کہاکہ این آر او نہ ملنے کے بعد ماضی کی طرح پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک بار پھر قومی اداروں پر تنقید کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لیکن یہ کوئی بھی حربہ اختیار کرلیں پی ٹی آئی حکومت کرپشن کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب نیب نے آزادانہ کام کا آغاز کیا ہے اوران کی اربوں روپے کی بدعنوانیوں کو قوم کے سامنے لایا ہے تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے لیکن یہ جتنا مرضی شور مچا لیں کرپٹ عناصر کو سزا دلانے تک احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان کو قوم نے کرپشن کے خاتمے کیلئے ووٹ دیا ہے اور وہ کرپشن کرنے والوں کو ہرحال میں بے نقاب کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں