بھارتی مظالم کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا، میاں اسلم اقبال

منگل 27 اکتوبر 2020 20:22

بھارتی مظالم کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا، میاں اسلم اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947کوجموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے کشمیریوں کی آزادی چھینی، بھارت گزشتہ 7 عشروں سے کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے اور بھارت 5 اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔

صوبائی وزیر نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ظلم کا ہر ہتھکنڈا استعمال کیا مگر کشمیریوں کو جھکا نہ سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دور حاضر کے ہٹلر مودی کی سفاکیت اور ظلم کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتی،ظالم مودی کی انتہا پسندانہ سوچ اور جنگی عزائم خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور انکی شناخت مٹانے کا بھارتی حربہ ناکام ہوگا،بھارت کی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے جزبہ حریت کو دبانہیں سکتی،بھارتی مظالم کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا۔صوبائی وزیرنے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کا سفیر بن کر دنیا بھر میں آواز بلند کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں