پبلک مقامات، سرکاری دفاتر، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں‘راجہ بشارت

تمام مذاہب کے پیروکار دشمن کا آلہ کار بننے والے اندرونی عناصر سے بھی ہوشیار رہیں،مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں حسب روایت مثالی کردار ادا کریں

منگل 27 اکتوبر 2020 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) صوبائی وزیرقانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے فرانس میں توہین رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت اور کوئٹہ و پشاور دھماکوں کے بعد پنجاب میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ سول سیکرٹریٹ میں لا اینڈ آرڈر پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ،آئی جی پنجاب ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

راجہ بشارت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پبلک مقامات، سرکاری دفاتر، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔راجہ بشارت نے تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان دشمن قوتیں ہماری مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ہم نے مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملانے ہیں۔

انہوں نے تمام مذاہب اور عقاید کے پیروکاروں سے اپیل کی کہ وہ دشمن کا آلہ کار بننے والے اندرونی عناصر سے بھی ہوشیار رہیں۔وزیر قانون راجہ بشارت نے تمام مکاتب کے علما کرام اور ضلعی امن کمیٹیوںکو کہا کہ مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں حسب روایت مثالی کردار ادا کریں۔راجہ بشارت نے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام حکومتی عمائدین نے توہین آمیز خاکوں کی پر زور مذمت کی ہے جبکہ قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے خاکوں کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم شہریوں اور پاک افواج نے ہزاروں قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے،اسے نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو کچلنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں