راوی ریور پراجیکٹ سے کوئی بھی صنعت یا رہائشی علاقہ متاثر نہیں ہوگا‘ راشد عزیز

یہ منصوبہ دریائے راوی کو نئی زندگی دے گا اور لاہور کی خوبصورتی کو بحال کرے گا‘ چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی

جمعرات 26 نومبر 2020 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے منصوبے معاشی ترقی کے لیے بہت ضروری مگر ساتھ انڈسٹری کا تحفظ بھی اسی قدر ضروری ہے، راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے سلسلے میں یہ مدنظر رکھا جائے کہ کوئی بھی انڈسٹریل یونٹ متاثر ہو کیونکہ اس سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ اور حکومت کو بھاری محاصل ملتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اسٹیک ہولڈرز نے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح کے زیر صدارت اجلاس میں کیا جس میں چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، سابق صدر محمد علی میاں اور صنعت و تجارت کے نمائندے شریک تھے۔ راشد عزیز نے کہا کہ ابھی صرف سروے کیا جارہا ہے، پراجیکٹ سے کوئی بھی صنعت یا رہائشی علاقہ متاثر نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا کہ یہ منصوبہ دریائے راوی کو نئی زندگی دے گا اور لاہور کی خوبصورتی کو بحال کرے گا، بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری ہونگی اور پانی کی قلت پر قابو پایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑے منصوبے سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی کچھ دہائیوں کے دوران لاہور کے گرین ایریا میں 167فیصد سے زائد کمی ہوئی، چھیالیس کلومیٹر لمبی جھیل منصوبے کا حصہ ہے جس سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر ہوگی اور ماحولیاتی آلودگی و سموگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کو صاف و شفاف طریقے سے بروقت مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی زد میں انڈسٹریل یونٹس کو نہ لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں قائم انڈسٹری، بالخصوص سٹیل ری رولنگ یونٹس کو مارک کیا جارہا ہے جس سے بے چینی پھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مکمل پلان شیئر کرے ، صوبائی وزیر ہائوسنگ کے حالیہ دورے کے دوران انہیں بھی تحفظات سے آگاہ کیا گیا تھا اور انہوں نے کہاتھا کہ کسی انڈسٹریل یونٹس کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری اور سابق صدر محمد علی میاں نے کہا کہ تمام فیصلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کیے جائیں تاکہ صنعتی شعبہ متاثر نہ ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں