ماہ رمضان کا پہلاجمعة المبارک، سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر شہر کی سکیورٹی انتہائی سخت رہی

ٓسی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی زیر قیادت لاہور پولیس کا مسلسل چوتھے روز شہر میں فلیگ مارچ لاہور پولیس کی اعلیٰ قیادت،تمام آپریشنل پولیس یونٹس اور رینجرز کے دستے شامل ہوئے

جمعہ 16 اپریل 2021 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2021ء) ماہ رمضان کے پہلے جمعة المبارک کے موقع پر لاہور پولیس کی طرف سے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ڈویڑنل ایس پیز،ڈی ایس پیزاور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں قائم مساجد اورامام بارگاہوں سمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کا جائز لیتے رہے۔شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری رہے جن میں ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس، سکیورٹی اداروں اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشنز کے دوران بائیومیٹرک اور جدید اینڈرائیڈ سیٹ کے ذریعہ تمام مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔جمعة المبارک اور ملکی حالات کے پیش نظر سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی قیادت میں شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے صوبائی دارلحکومت کے مختلف علاقوں میں آج پھر فلیگ مارچ کیا۔غلام محمود ڈوگر اور دیگر اعلٰی پولیس و رینجرز افسران کی قیادت میں مسلسل چوتھے روز فلیگ مارچ کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی،سی ٹی او لاہور سید حماد عابد، ایس ایس پی آپریشنز احسن سیف اللہ نے بھی فلیگ مارچ میں شرکت کی۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس اور رینجرز کی گاڑیوں نیفلیگ مارچ میں حصہ لیا۔ٹریفک پولیس، ایٹنی رائٹ فورس، ابابیل فورس نے بھی شمولیت کی۔فلیگ مارچ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ سے شروع ہو کرمال روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ،شنگھائی پل سے غازی روڈ بھٹہ چوک،داروغہ والہ، لاہور رنگ روڈ سے شاہدرہ چوک، امامیہ کالونی پھاٹک،بند روڈ بابو صابو چوک اور دیگر شاہراہوں سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائنز پر اختتام پذیر ہوا۔

بابو صابو چوک کے مقام پر سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے لاہور پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے تعینات جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے ہم سب سیسہ پلائی دیوار ہیں۔فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور املاک کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے۔

لاہور پولیس شہریوں کی حفاظت کے لئے ہر وقت الرٹ ہے۔نقص امن،انتشار اور بد امنی پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ داتا کی نگری امن و سلامتی کا گہوارہ ہے۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر سپاہ کے ساتھ مل کر نعرہ تکبیر،نعرہ رسالت، پاکستان زندہ باد اور پنجاب پولیس زندہ باد کیفلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں