ہمیں حضور سرور کائنات ﷺکی صورت میں اللہ رب العزت کی عظیم ترین نعمت پر فخر ہے ، سرکار دوعالم کی بدولت بھٹکی ہوئی انسانیت کو نشان منزل نصیب ہوا ،صوبائی وزیرآشفہ ریاض فتیانہ

بدھ 20 اکتوبر 2021 13:43

ہمیں حضور سرور کائنات  ﷺکی صورت میں اللہ رب العزت کی عظیم ترین نعمت پر فخر ہے ، سرکار دوعالم کی بدولت بھٹکی ہوئی انسانیت کو نشان منزل نصیب ہوا  ،صوبائی وزیرآشفہ ریاض فتیانہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2021ء) عید میلاد النبی ﷺکے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ ویمن ڈویلپمنٹ  پنجاب میں شان رحمت للعالمین ﷺکانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ  آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں حضور سرور کائنات  ﷺکی صورت میں اللہ رب العزت کی عظیم ترین نعمت پر فخر ہے ،آقائے دوجہاں کے ظہور بابرکت سے نہ صرف جزیرہ نما عرب بلکہ پوری کائنات جہالت کی تاریکیوں سے نکل کر تہذیب کی روشنیوں سے آشنا ہوئی ،اخلاق و کردار کے اصول واضح ہونے لگے، سرکار دوعالم کی ذات پر نور کی بدولت بھٹکی ہوئی انسانیت کو نشان منزل نصیب ہوا اور زندگی تہذیب وتمدن کی راہوں پر رواں دواں ہو گئی،ہم اپنی ساری زندگی اللہ تعالی کی اس عظیم نعمت کا شکر ادا کرنا چاہیں تو بھی حق ا دا نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ سیرت النبی ﷺکے حوالے سے ایک اتھارٹی کا قیام عمل میں لا جا چکا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم و تربیت سے لے کر ہماری مجموعی زندگیوں میں یہ شعور آجاگر کیا جا سکے کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرت طیبہ کے وضح کردہ اعلی ٰترین اصولوں کے مطابق ڈھال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺکے پر مسرت موقع پر میری تمام اہل وطن سے اپیل ہے کہ جہاں آپ بھر پور عقیدت و محبت سے درود و سلام کی محافل کا بندوبست کریں وہیں لوگوں کو اپنی زندگیاں سیرت طیبہ کے مطابق ڈھالنے پر زور دیں۔

آشفہ ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ اس عید میلاد النبی ﷺپر ہمیں اپنے اندر موجود نفرتوں کو محبتوں اور اپنی عداوتوں کو باہمی رواداری سے تبدیل کرنا چاہیے،زندگی میں قربانی کا جذبہ رکھیں اپنے اساتذہ والدین اور بڑوں کا احترام کریں اور اپنے پیارے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اللہ تعالی کے حضور دعائیں کریں ۔ اس موقع پر سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ امبرین رضا،ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ ویمن ڈویلپمنٹ سجیلہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سید اشفاق بخاری کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ ویمن ڈویلپمنٹ کے افسران اور عملے نے بھی اس بابرکت کانفرنس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں