مسلم لیگ (ن)کو جلدسرپرائز دینگے ،اعتماد کے ووٹ سے پہلے سالک ،طارق بشیر چیمہ کو واپس لے آئینگے‘ پرویز الٰہی

وفاق میں ان کی حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی، (ن)والے اس وقت جلتے ہوئے توے پر لیٹے ہوئے ہیں �)کا ٹکٹ فلم کا ٹکٹ بن گیا اور وہ فلم بھی فیل ہوگئی ہے، اب صرف عمران خان کے ٹکٹ کی اہمیت ہے‘سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعرات 19 مئی 2022 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کو جلدسرپرائز دیں گے ،اعتماد کے ووٹ سے پہلے ہم چوہدری سالک اور طارق بشیر چیمہ کو واپس لے آئیں گے،دونوں سوفیصددونوں واپس آئیں گے ،وفاق میں ان کی حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی،اللہ نے شریفوں کوبے نقاب کرنا تھا، (ن)لیگ والے اس وقت جلتے ہوئے توے پر لیٹے ہوئے ہیں،(ن)لیگ کا ٹکٹ اب فلم کا ٹکٹ بن گیا ہے اور وہ فلم بھی فیل ہوگئی ہے، اب صرف عمران خان کے ٹکٹ کی اہمیت ہے۔

ایک انٹر ویو میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میںوزارت اعلی کے مقابلے سے ہٹا ہی نہیں ہوں کیونکہ انتخاب توہوا ہی نہیں، کبھی ایسے نہیں ہوا کہ پولیس چھلانگ مارکراندرآئے اور کارروائی ہاتھ میں لے لے ،یہ توکہیں اسٹینڈ ہی نہیں کرتے کیونکہ حمزہ کا توحلف بھی نہیں ہوا، باپ بیٹے نے پولیس اسٹیٹ سمجھی ہے اس کو ہر جگہ چیلنج کردیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حمزہ شہباز نے مجھ پر حملہ کروایا حالانکہ جب اسے تکلیف ہوئی میں نے پروڈکشن آرڈرزجاری کیے، عمران خان سے میراجھگڑاہی یہ تھا کہ وہ کہتے تھے حمزہ کو اجازت نہ دو، میں نے عمران خان کی نہیں سنی اورحمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈرجاری کرتارہا، حمزہ شہباز نے جورویہ دکھایا یہ پہلی دفعہ نہیں یہ ایسے ہی کرتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ جب یہ فوج سے لڑکربھاگے تھے اس وقت بھی ہمارا ان سے اچھا برتائو ہی رہا، ہم اس لیے اب پیچھے ہٹے کیونکہ ہمیں ان کے خاندان کے اندر سے حقیقت معلوم ہوگئی تھی، ہمیں معلوم ہوا کہ نوازشریف نے کہاان کو وزارت اعلی صرف سونگھائیں گے،اللہ تعالی نے ان کو ایکسپوز کرنا تھا اورشریفوں کی اصلیت دوبارہ سامنے آگئی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاق میں مقابلہ ہوگا،سالک حسین اورطارق بشیرچیمہ کا ہمیں پتہ ہے کیا کرنا ہے، 100فیصددونوں واپس آئیں گے اور ان کا دھڑن تختہ ہوگا، ہمارے گھر کے بندے ہیں ان کو بھی پتہ ہے کہ میرے ساتھ شریفوں نے کیا کیا ۔

اعتماد کے ووٹ سے پہلے ہم سالک اورچیمہ صاحب کو واپس لے آئیں گے ،دیکھ لینا وفاق میں ان کی حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی ۔ انہوںنے کہا کہ چیمہ صاحب کو عمران خان پر کوئی غصہ تھا لیکن دونوں نے خان صاحب کے خلاف ووٹ نہیں دئیے،چیمہ صاحب نے زرداری صاحب کو کہا کہ یا میرا ووٹ لے لیں یا سالک کا، چیمہ صاحب نے کہا کہ اگرچوہدری صاحب کا ووٹ لینا ہے تووہاں سے فون کروائیں، میں نے سالک اور چیمہ صاحب کو ووٹ دینے کی بالکل اجازت نہیں دی، شجاعت صاحب ٹھیک ہیں اورمیرے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریفوں نے تو2مرتبہ قران پاک پر قسم دے کر وزارت اعلی کا وعدہ پورا نہیں کیاتھا، 1985میں شہبازشریف خود قران پاک لے کر آئے اورپھر 1997میں ان کے والد نے وعدہ کیا ،نوازشریف کو جب پرویزمشرف نے پکڑا تو میاں شریف کا ایک خط مجھے دیاگیا، مریم ،کلثوم بی بی اورحمزہ خط لے کر آئے جس میں میاں شریف نے مجھ سے معافی مانگی تھی، میں نے کہا کہ بک بک بند کرو ورنہ دکھائوں وہ خط جو آج بھی میرے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد آدمی ہے جس نے کہاآپ وزیراعلی بنیں اورپھر قائم رہا، لوگوں کو تکلیف ہوئی لیکن خان صاحب نے کہا میں نے اب پرویزالبہی کو کمٹمنٹ دیدی ہے، صرف قومی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے،صوبائی اسمبلیوں پرہمارا زرداری صاحب سے اتفاق ہے، شریفوں کی وفاق کی گیم ختم ہے ان کو سمجھ ہی نہیں آرہی،(ن)لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سالک کووزارت دی لیکن محکمہ نہ دیا تو شجاعت صاحب نے کہا اسے واپ لے لیں،شجاعت صاحب نے کہا ووٹ توتم کو دیدیا اب بچوں کو خراب نہ کرو، ۔اسحاق ڈار نے شجاعت صاحب کو فون پر کہا میں آکر اپنے سے ذیادہ اچھا دفتر سالک کا بنائوں گا، شجاعت صاحب نے کہا کیا ایون فیلڈ میں ہمیں بلاتے ہوتم نے توواپس ہی نہیں آنا۔ انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ کی ٹکٹ اب فلم کی ٹکٹ بن گئی اورفلم بھی فیل ہے ،اب صرف عمران خان کی ٹکٹ کی اہمیت ہے، پنجاب میں انکو سرپرائز دیں گے جیسے پہلے سرپرائز دئیے تھے۔

انہوںنے کہا کہ چارآرمی چیفس سے نوازشریف کی لڑائی رہی پھر پانچویں نے ان کا دھڑن تختہ کردیا، پھر اس کے بعد جو لے کر آئے ان سے بھی نوازشریف نے دوبارہ لڑائی کی ۔انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، شریفوں کی جو خواہش ہے وہ بس خواہش ہی رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں