ماڈل و گلوکارہ میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل کورٹ میں بیان کی درخواست خارج

منگل 24 مئی 2022 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل و گلوکارہ میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل کورٹ میں بیان کی درخواست خارج کردی،قبل ازیں عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد 18مئی کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی جس میں میشا شفیع نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل کورٹ میں بیان ریکارڈ نہ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا ،قبل ازیں سیشن عدالت نے بھی میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی درخواست مسترد کر دی تھی،میشا شفیع کے وکیل نے سیشن عدالت کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں نشاندہی کی تھی کہ میشا شفیع کینیڈا میں ہیں اور فوری وطن واپس نہیں آسکتیں،اس لئے ٹرائل کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست دی جسے مسترد کر دیا گیا،درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ویڈیو لنک کے ذریعے بیان اور جرح کی اجازت دی جائے،یاد رہے کہ ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر کردار کشی کرنے کے الزام میں اداکار و گلوکار علی ظفر کی درخواست پر میشا شفیع کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے، ٹرائل کورٹ نے میشا شفیع کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے پیشی کا نوٹس جاری کیا ہے جبکہ علی ظفر نے میشاشفیع کے خلاف لاہور کی مقامی عدالت میں کردار کشی کرنے کے الزام میں ہرجانے کا دعوی بھی دائر کر رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں