پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، جاوید قصوری

جمعہ 27 مئی 2022 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2022ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکومت مہنگائی کے کوڑے غریب عوام پر برسا رہی ہے۔مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کی حکومت میں کوئی فرق نہیں ۔جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے ہے مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فوری طور پر اس اضافے کو واپس لے تاکہ عوام کو سکھ کا سانس میسر ہو ،بصورت دیگر حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور انداز میں احتجاج کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑعوام نے پیپلزپارٹی،مسلم لیگ نون،تحریک انصاف سمیت سب بیانیے اوران کا انجام دیکھ لیا ہے کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والا ملک میں صرف اورصرف اللہ اوراس کے رسول ﷺ کا بیانیہ ہی کامیابی سے چل سکتا ہے آج ملک وقوم جن سنگین حالات سے دوچارہیں اس میں ان تینوں بڑی جماعتوں نے کلیدی کرداراداکیا ہے ۔

(جاری ہے)

سودی نظام معیشت کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔اس سے محفوظ رہنے کے لئے حکومت شریعت کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد کرئے،اور اس تناضر میں کسی بھی قسم کے لیت و لعل سے کام نہ لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،جبکہ دوسری طرف رہی سہی کسر بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ صارفین کو موصول ہونے والے بلوں نے پوری کر دی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہر حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ دوسروں پر ڈال کر بری الذمہ ہونے کی کوشش کرتی ہے ، کامیابیوں کے ساتھ ناکامیوں کا ملبہ اٹھانے کی ہمت ہونی چاہئے ۔ہم پہلے ہی کہتے تھے کہ ملک کے اندر محض چہرے بدلنے سے حالات درست نہیں ہو سکتے فرسودہ نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں