وزیر اعلی کی زیر صدارت رات گئے اجلاس، سیلاب کی صورتحال،ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کاتفصیلی جائزہ

بدھ 17 اگست 2022 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت گزشتہ رات گئے وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں سیلاب کی صورتحال خصوصا ڈیرہ غازی خان و راجن پور میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلی پرویز الہی نے متاثرین سیلاب کے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری سروے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگاکرمتاثرین کو جلد ازجلد مالی امداددی جائے۔

وزیر اعلی چودھری پرویزالہی نے کوہ سلیمان میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔متاثرین کو امدادی کیمپس میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

متعلقہ ادارے ڈیرہ غازی خان اورراجن پور کے نشیبی علاقوں میں تمام انتظامات مکمل رکھیں۔

وزیراعلی نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورسیکرٹری آبپاشی کو آج ہی ڈیرہ غازی خان کے متاثرہ علاقوں میں جاکرامدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز بھی آج ڈی جی خان وراجن پور جاکرمتاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کریں۔پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔وزیراعلی نے بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پانی کی بروقت اطلاع کے حوالے سے جدیدریڈار نظام کی تنصیب جلد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جدید موسمیاتی ریڈار کی تنصیب کیلئے فیزیبلٹی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ مستقبل میں کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں آنے والی طغیانی سے بچا کی لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے۔متاثرہ علاقوں میں ادویات۔ کھانے اور مویشیوں کے لئے چارے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔وزیر اعلی پرویز الہی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں اورروزانہ ہزار فوڈ ہیمپر اور امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیرمحسن لغاری، چیف سیکرٹری کامران افضل، انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز آبپاشی، صحت، ہاسنگ، لائیوسٹاک، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ریسکیو 1122اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی -جوائنٹ سیکرٹری، واٹر ڈویژن اسلام آباد، کمشنر ڈی جی خان، ڈپٹی کمشنرز ڈی جی خان و راجن پور کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں