زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس،پی ٹی آئی کے 102ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات ،اضافی نفری تعینات کی گئی

پیر 20 مارچ 2023 18:30

زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس،پی ٹی آئی کے 102ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2023ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کیس میں پی ٹی آئی کے 102ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔لاہور میں ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس پر تشدد، پولیس گاڑیوں کو جلانے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر عدالت نے ملزمان کو 3اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ ملزمان سے اسلحہ، پٹرول بم اور ڈنڈے سوٹے برآمد کیے گئے لہٰذا عدالت ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔وکیل ملزمان نے کہا کہ ملزمان کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مقدمے میں شامل دفعات دیکھیں اور یہ ثابت ہی نہیں ہوتا جبکہ کسی بھی مضروب کا میڈیکل موجود نہیں ہے، میرا ملزم دل کا مریض ہے اور کارڈیالوجی میں چیک اپ کے لیے گیا تھا، میرے ملزم کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت میرے ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے اور ایف آئی آر میں درج مقدمے کے ملزمان کو ڈسچارج کیا جائے۔ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات اور اضافی نفری تعینات کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں