مسیحی برادری کل گڈ فرائیڈے مذہبی عقیدت و احترام سے منائیگی

جمعرات 28 مارچ 2024 19:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کل 29مارچ کو گڈ فرائیڈے مذہبی عقیدت و احترام سے منائے گی ۔اس سلسلے میں ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ۔مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائیڈے کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اس روز خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جن کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہے جو انہوں نے اپنی صلیب پر سہے اور ان کے منہ سے ادا کیے گئے سات کلمات کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔مسیحی گڈ فرائیڈے کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی لازوال قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے ساتھ عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہیں۔دوسری جانب پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے اور گرجاگھروں کے باہر اور اندر پولیس کی نفری تعینات ہو گی ۔

(جاری ہے)

مسیحی برادری پرسوں(اتوار )کو اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار ایسٹر منائے گی ،ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے۔صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے گڈ فرائیڈے کے موقع پر مسیحی برادری کے نام اپنے پیغام میں خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ آج)گڈ فرائیڈی) کے دن پاکستان کے تمام گرجا گھروں میں پوری انسانیت کی بھلائی ، وطن عزیز کی سلامتی ،خوشحالی اورا من و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ گڈ فرائیڈے کا دن ہمیں مشکل حالات میں صبر و تحمل اور برداشت کا رویہ اپنانے اور محبت، امن وبھائی چارے کا پیغام پھیلانے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم عزم کریں کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور تمام عقائد اور مکاتب فکر کے لوگوں کے ساتھ مل کر معاشرے میں دائمی امن کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں