مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت و قومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے،شاہد حیدر

بدھ 1 مئی 2024 15:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے عالمی یوم مزدو رکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

چیف لیسکو نے کہا کہ آج ہم ان محنت کشوں کی بے پناہ قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانیں دیں، ہم ان مزدوروں کی انمول شراکت کا بھی احترام کرتے ہیں جو کھیتوں، کارخانوں اور دیگر جگہوں پر دن رات کام کرتے ہیں،وہ نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کیلئے بھی متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے مزید کہا کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو کہ رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں، محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال یوم مزدور ہمیں دنیا بھر میں اپنی قوموں کی ترقی و خوشحالی کے لئے محنت کشوں کی قربانیوں اور انمول شراکت کا اعتراف کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفط اور ان کی اجتماعی بھلائی کے لئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں