محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 30واں اجلاس،محرم الحرام سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ

ہفتہ 14 جون 2025 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 30واں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کے ساتھ رینجرز اور آرمی کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر میں محرم کے دوران پولیس کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ عرس حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ اور داتا گنج بخش علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر غسل کی تقریب کے دوران زائرین کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ امن کمیٹیوں کو متحرک کر کے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر امن و امان کی فضا خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مساجد و امام بارگاہوں سے امن و بھائی چارے کا پیغام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور قیام امن کیلئے اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں، امن کمیٹیوں اور علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالہ سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں متحرک رہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محرم الحرام کے لئے محکمہ داخلہ کا خصوصی ای پورٹل فعال کر دیا گیا ہے جہاں تمام معلومات بروقت دستیاب ہیں۔ محرم کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کا مرکزی کنٹرول روم بھی مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ موسم کی شدت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ سکیورٹی پر مامور رضاکاروں کی سکیورٹی کلیئرنس محرم سے قبل مکمل کی جائے۔ کابینہ کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں