چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی عہدہ چھوڑنے سے گریزاں

جمعہ 17 اگست 2018 16:02

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی عہدہ چھوڑنے سے گریزاں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ میں بے یقینی کی کیفیت کا راج ہے ،چیئرمین نجم سیٹھی اپنا عہدہ چھوڑنے سے گریزاں ہیں حالانکہ انہیں اس حوالے سے واضح اشارے بھی مل چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق بورڈ کے دیگر عہدیداروں میں ممکنہ تبدیلی کی ہواوں کے سبب بے چینی پھیلی ہوئی ہے کیونکہ سربراہ کی رخصتی کی صورت میں وہ بھی عتاب کا نشانہ بن سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ روز مرہ کے کاموں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی بہت زیادہ پر امید نہیں ہیں کہ تحریک انصاف کے حکومت سنبھالنے کے بعد انہیں عہدے پر برقرار رہنے دیا جائیگا لیکن بے یقینی کی صورتحال کے باوجود وہ از خود عہدہ چھوڑنے میں پس و پیش کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں بے یقینی کی فضا ئکا راج ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نجم سیٹھی ایک حالیہ انٹرویو میں واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ اور بورڈ کے کچھ ایسے اہم معاملات وہ دیکھ رہے ہیں جنہیں ابھی چھوڑ کر جانے سے پاکستان کرکٹ کو کافی نقصان ہو سکتا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر عمران خان انہیں اس عہدے پر نہیں دیکھنا چاہیں گے تو وہ اسے چھوڑنے میں ایک سیکنڈ بھی نہیں لگائیں گے۔

نجم سیٹھی کو بھی پی سی بی میں سیاسی بنیادوں پر ہی بھرتی کیا گیا تھا اورنئی حکمران جماعت کے مطابق اسپورٹس کے ان تمام عہدوں سے لوگوں کو فارغ کیا جائیگا جن کی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی گئی تھی اور اس حوالے سے بعض رہنما اپنے بیانات میں صاف طور پر نجم سیٹھی کو اپنا عہدہ چھوڑنے کا مشورہ بھی دے چکے ہیں۔ بورڈ میں اس وقت بے یقینی کی کیفیت کے باعث بیشتر کام متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ کوئی نہیں جانتا کہ آنیوالے وقت میں کیا بڑی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں