زیادہ انٹر نیشنل چھکے ،کرس گیل نے شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

سابق ویسٹ انڈین کپتان اب تک مجموعی طورپر 477 چھکے لگا چکے ہیں، شاہد آفریدی نے 476چھکے لگائے

جمعرات 21 فروری 2019 20:11

زیادہ انٹر نیشنل چھکے ،کرس گیل نے شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے شاہد آفریدی کا سب سے زیادہ 476 چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ورلڈکپ 2019 کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کرنے والے کرس گیل نے یہ اعزاز انگلینڈ کے خلاف کنگسٹن اوول میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں اپنے نام کیا۔کرس گیل نے 135رنز کی اننگز میں 12 چھکے رسید کیے، وہ اب تک مجموعی طورپر 477 چھکے اپنے نام کے آگے درج کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ صرف 444 ویں میچ میں انجام دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ میں 476 چھکے لگا کر شاہد آفریدی نے یہ ریکارڈ بنارکھا تھا۔بوم بوم آفریدی نے سب سے زیادہ چھکوں کے لیے 524 میچز کھیلے ہیں۔کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ میں 276، ٹی ٹونٹی میں 103 اور ٹیسٹ میچز میں 98چھکے لگاکر شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے۔اس لسٹ میں تیسری پوزیشن نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکولم کے پاس ہے جن کے مجموعی چھکوں کی تعداد 398 ہے،سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا 352 چھکوں کے ساتھ چوتھے اور بھارتی اوپنر روہت شرما 349 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں