لکی مروت،مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق ،4زخمی

پیر 11 جنوری 2021 19:42

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2021ء) ضلع لکی مروت کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 4افراد زخمی ہوگئے۔لکی مروت شہر کے مصروف ترین میلہ منڈی بازار میں فائرنگ سے جاوید اقبال جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گل بادشاہ چوک میں مسلح افراد کی فائر نگ سے جاوید اقبال دم توڑ گئے، مقتول کا تعلق گائوں لنڈ احمد خیل سے تھا، حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

لاش فوری طور پرگورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں یہ ضروری قانونی کاروائی کے بعدتدفین کے لئے ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔ پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔لکی شہر کے محلہ گل ولی آباد میں دو بھائیوں کے مابین فائرنگ سے کم سن بچہ افنان زخمی ہوگیا جنہیں سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تاجہ زئی میں قرضے کی لین دین کے تنازعے پر ملزم اسامہ کی فائرنگ سے محمد جمشید زخمی ہوگیا ، حرامہ تالا میں ملزمان میور شاہ، جمیل ، ابراہیم اور گل دراز نے اراضی کے تنازعے پر فائرنگ کرکے علی مرجان کو زخمی کردیا۔

ڈڈیوالہ کے علاقے وانڈہ شیر دل میں معمولی تکرار پر محمد شیرین نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی محمد صدیق کو زخمی کردیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں