لسبیلہ کے تمام سرکاری اداروں میں ضلعی لسبیلہ کے مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنائی جائے ، پرنس احمد علی سابق وزیر بلوچستان

بدھ 17 اپریل 2019 23:51

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) لسبیلہ کے تمام سرکاری اداروں میں ضلعی لسبیلہ کے مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنائی جائے ۔ لسبیلہ یونیورسٹی میں غیر مقامی افراد کی چور دروازے سے بھرتی کرنے کی مذمت کرتا ہوں ۔ وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی اپنا قبلہ درست کریں مقامی افراد کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر پرنس احمد علی نے سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سردار رسول بخش برہ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ کے تمام سرکاری محکموں میں ملازمت کا پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے ۔ مقامی افراد کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل میں غیر مقامی افراد کو چور دروزے سے بھرتی کیا جا رہا ہے جس سے مقامی لوگوں کی حق تلفی ہو رہی ہے جو ہر گز برداشت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی شکایت ملی ہے کہ یونیورسٹی کے آفیسروں نے اپنے رشتہ داروں کو بھرتی کا سلسلہ جا ری رکھا ہو ا ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر اپنا قبلہ درست کریں اور مقامی لوگوں کے ساتھ ناانصافیاں بند کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل وائس چانسلر سے ملاقات کر کے مقامی افراد کے خدشات سے آگاہ کیا تھا لیکن وائس چانسلر نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے کے باوجود اس پر کوئی عمل نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر اپنے من پسند اور غیر مقامی لوگوں کو یونیورسٹی میں بھرتی کر کے مقامی لوگوں کی حق تلفی کر رہے ہیں جو ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ اوتھل اور بلوچستان ریزیڈیشنل کالج اوتھل سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف خان کے انمول تحفے ہیں اس کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ان اداروں میں مقامی لوگوں کے ساتھ ناانصافی کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں