لسبیلہ پولیس کی جانب سے شہید کانسٹیبل امین اللہ کے اعزاز میں ان کے گھر پر افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا

پیر 8 اپریل 2024 21:17

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) لسبیلہ پولیس کی جانب سے شہید کانسٹیبل امین اللہ کے اعزاز میں ان کے گھر پر افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لسبیلہ پولیس کی جانب سے شہید کانسٹیبل امین اللہ کے اعزاز میں ان کے گھر بیلہ میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا تاکہ ان کی یاد میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے اور لسبیلہ پولیس کے ہیرو،شہید کے خاندان اور اس کی برادری کی مدد کی جا سکے۔

(جاری ہے)

افطار پارٹی کی تقریب میں لسبیلہ پولیس کے آفیسران اور شہید امین اللہ کے اہل محلہ کے لوگوں اور چھوٹے بچوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں قرآن خوانی، دعا اور اظہار یکجہتی کا اہتمام کیا گیاتھا۔ افطار پارٹی میں شریک پولیس آفیسران و دیگر لوگوں نے شہید کانسٹیبل امین اللہ کی محکمہ پولیس کے لئے فراہم کی گئی خدمات اور دی گئی عظیم قربانی کو یاد کرکے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ کیپٹن (ر) نوید عالم نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے لواحقین کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انشاء اللہ ہر قدم پرہم اپنے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہو نگے اورجب بھی انہیںہماری ضرورت پڑے گی تو دن ہو یا رات ہمیں اپنے درمیان موجود پائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں