اوتھل:کورونا وائرس وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض ادا کرنے والے ڈاکٹرز کو لسبیلہ پولیس کیجانب سے سلامی

بدھ 1 اپریل 2020 23:04

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2020ء) ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض ادا کرنے والے ڈاکٹرز کو لسبیلہ پولیس کیجانب سے سلامی پیش کی گئی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال اوتھل میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو ایس ایس پی لسبیلہ پرویز خان عمرانی کی سربراہی میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ڈاکٹر حسن وقار چیمہ ایس ایس پی لسبیلہ پرویز خان عمرانی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک ایسی وبا جو دنیا بھر میں تیزی کیساتھ پھیل رہی ہے اس موذی مرض سے مقابلہ کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی ہمارے ڈاکٹرز اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ہمارے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے سلامی کے دوران ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل اسٹاف اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضا کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں اور شہری اپنے آپ کو گھروں میں محفوظ رکھیں۔اور انتظامیہ سے تعاون کریں احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی ہم اس وبا سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق رونجہ،ڈی ایس ہی تنویر شاہ،تحصیلدار عبدالسلام،ایدھی فاونڈیشن کے انچارج ڈاکٹرحکیم لاسی،ایس ایچ او اوتھل یار محمد کمانڈو، ڈاکٹر احسان بھٹی، ڈاکٹر عبدالرحمن زہری، ڈاکٹر تصدق ندیم، لسبیلہ ویلفئیرٹرسٹ کے چیئرمین رمضان جاموٹ ودیگر موجود تھے۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں