منڈی بہائوالدین، ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کا اراضی ریکارڈ سنٹر اور لائیو سٹاک دفتر کا اچانک دورہ

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 19:47

منڈی بہائوالدین۔16اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) :ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اراضی ریکارڈ سنٹر اور لائیو سٹاک دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے میں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے معائنے کے دوران رجسٹری، زمینوں کے اندراج، انتقالات اور فرد کے حصول ایسے شعبوں کے علاوہ صفائی ستھرائی ، افسران اور سٹاف کی حاضری اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا۔

انہوںنے وہاں پر آئے ہوئے سائلین سے ان کے مسائل دریافت کر کے ان کو موقع پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔انہوںنے سائلین سے کہا کہ کسی مسئلہ کے حل نہ ہونے کی صورت میں میرے نوٹس میں لایاجائے۔انہوںنے کہاکہ سائلین کے رش کو کسی صورت بڑھنے نہ دیا جائے بلکہ تمام متعلقہ افسران از خود سائلین کی شکایات سن کر موقع پر حل کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے ہدایت کی کہ سائلین کو بار بار اراضی سنٹر آنے کی دقت سے بچایا جائے اور سائلین کی درخواستوں کو میرٹ پر فوری طور پر حل کیا جائے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک دفتر کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے وہاں پر  افسران اور سٹاف کی حاضری اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دفتر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور دیگر شعبوں سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں