الیکشن کمیشن نے حلقہ پی کی30- بالاکوٹ کے ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا،

26 فروری کو پولنگ ہو گی

جمعہ 14 دسمبر 2018 14:06

الیکشن کمیشن نے حلقہ پی کی30- بالاکوٹ کے ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا،
مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع مانسہرہ کے حلقہ پی کی30- بالاکوٹ کے ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ 26 فروری 2019ء کو پولنگ ہو گی۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں ضیاء الرحمن کو جعلی ڈگری کیس میںسپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 18 اکتوبر 2018ء کو تاحیات نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہونے والی صوبائی اسمبلی کی نشست پی کی30- پر دوبارہ انتخاب کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان سے تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ضلع مانسہرہ کے حلقہ پی کے 30- پر دوبارہ انتخاب کے حوالہ سے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ جاری شدہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کی تقرری کا اعلان رواں ماہ 26 دسمبرکو کیا جائے گا اور اسی روز سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کروانے کی تاریخ 29 دسمبر 2018ء تا یکم جنوری 2019ء تک ہے، 2 جنوری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی جبکہ سکروٹنی کاغذات کی جانچ پڑتال 7 جنوری تک ہو گی، 11 جنوری تک تک کاغذات نامزدگی داخل کروانے والوں پر اعتراضات داخل کروانے جبکہ 15 جنوری تک تک درخواستوں کی سماعت کی جائے گی، حتمی امیدواروں کی فہرست 16 جنوری کو آویزاں کی جائے گی۔

کاغذات واپسی کی تاریخ 17 جنوری مقرر کی گئی ہے، 18 جنوری کو ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے، پولنگ 26 فروری کو ہو گی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں