معروف کارسازکمپنی رینالٹ 2018ء تک پاکستان میں کاروں کی اسمبلنگ شروع کردے گی رینالٹ نے وزیر خزانہ اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈکی کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے

جمعرات 3 نومبر 2016 18:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2016ء) معروف کارسازکمپنی رینالٹ 2018ء تک پاکستان میں کاروں کی اسمبلنگ شروع کردے گی۔ رینالٹ نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آٹو پالیسی پر نظر ثانی کرنے اور ملک میں آٹو کے شعبہ میں وسعت٬ سرمایہ کاری اور صارفین کے تحفظ کے لئے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں جائزہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کمیٹی میں شامل تھے جس نے شراکت داروں کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کئے اور ملک میں گرین فیلڈ انویسٹمنٹ کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ بند آٹو یونٹس کی بحالی کے لئے نیا پالیسی پیکج پیش کیا۔

(جاری ہے)

پالیسی کا انجنیئرنگ سے متعلق حصہ انجنئیرنگ بورڈ جبکہ مالیاتی حصہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے تیار کیا۔ پالیسی کی منظوری کے بعد ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے آٹو کے شعبہ میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ملک کے اندر مختلف شراکت داروں سے ملاقاتیں کیں اور غیرملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لئے مدعو کرنے کے لئے بیرن ملک دورے بھی کئے۔

انہوں نے واکس ویگن٬ فیوجیٹ٬ رینالٹ٬ فیئٹ اور نسان جیسی کمپنیوں کے منتظمین کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے فرانس کا دورہ کیا اور رینالٹ کی اعلٰی قیادت سے ملاقات کی ۔ ان کوششوں کے نتیجے میں رینالٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رینالٹ پاکستان میں 2018 تک کاروں کی اسمبلنگ شروع کردے گی۔ یہ پیشرفت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اقتصادی پالیسی اور ویژن پر عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں