پی ٹی آئی، مولانا فضل الرحمن اکٹھے ہوگئے تو حکومت 4 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، فواد چوہدری

ہم چاہتے ہیں تلخیاں کم ہوں اللہ آسانیاں پیدا کرے، پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، چھوڑ کر جانے والے واپس آ جاتے ہیں، سابق وزیر

منگل 30 اپریل 2024 13:53

پی ٹی آئی، مولانا فضل الرحمن اکٹھے ہوگئے تو حکومت 4 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، فواد چوہدری
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمن اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین سے چار ماہ چلے گی، اسے زیادہ نہیں۔انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو انہوںنے کہاکہ ہم آج سارے 9 مئی کے کیسز کے سلسلے میں عدالت آئے ہیں، ہم ایک مشکل صورت حال سے گزر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تلخیاں کم ہوں اللہ آسانیاں پیدا کرے، پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، چھوڑ کر جانے والے واپس آ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کہانی ابھی آئی نہیں، کہانی ان کی آئی، جو ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں، ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، حکومت فارم 47 پر کھڑی ہے، کل مولانا فضل الرحمن کی تقریر سب کے سامنے ہے، میرا خیال ہے مولانا صاحب نے فیصلہ کرلیا ہے یہ حکومت ہٹے گی۔

فواد چوہدری نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین سے چار ماہ چلے گی، اسے زیادہ نہیں، اس وقت مولانا اور صوبہ خیبر پختونخوا ایک طرف کھڑے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مولانا صاحب اور سب سے بات کرنی چاہیے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں