مانسہرہ ، 8 کار لفٹر گرفتار ، کروڑوں روپے مالیت کی 23 گاڑیاں برآمد

منگل 28 ستمبر 2021 18:02

مانسہرہ ۔27ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2021ء) :مانسہرہ پولیس نے آٹھ کار لفٹر گرفتار کرکے قبضے سے کروڑوں  روپے مالیت کی 23 گاڑیاں برآمد کرلیں ،منگل کے روز ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ آصف بہادر کے ہمراہ تھانہ سٹی مانسہرہ میں پولیس کے مختلف تھانہ جات اوراینٹی کار لفٹنگ سیل کی مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کیئے گئے آٹھ رکنی کار لفٹر گروہ اوران سے کروڑوں روپے مالیت کی برآمد شدہ گاڑیوں کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پرپولیس افسران اور برآمد ہونیوالی گاڑیوں کے مالکان بھی موجودتھے۔ ڈی آئی جی ہزارہ میرویس نیاز نے کہاکہ ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ آصف بہادر کی قیادت میں مانسہرہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ سہ ماہی کے دوران کا ر لفٹنگ کے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان جنہوں نے ضلع مانسہرہ کے مختلف تھانوں کی حدود سے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی گاڑیاں چوری کر کے نہ صرف ان گاڑیوں کے مالکان کو ان کی جمع پونجی سے محروم کیا بلکہ امن پسند شہریوں کو عدم تحفظ کے خوف میں مبتلا کیا۔

(جاری ہے)

ایسی صورت حال میں مانسہرہ پولیس نے اپنی ذمہ داریوں کا بطریق احسن سر انجام دیتے ہوئے دن رات کی انتھک محنت کر کے اپنے جملہ ذرائع بروئے کار لا کر اپنی فنی اور تکنیکی مہارت کے بل بوتے پر قلیل عرصہ میں کار چوری کے بڑے گینگز کے علاوہ چھوٹے گینگزاور کار لفٹر ٹریس کر کے نہ صرف ان کو گرفتا ر کیا بلکہ ان کی نشاندہی و قبضہ سے ضلع مانسہرہ،ضلع بٹگرام اور ریاست آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے چوری کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی 23گاڑیاں جن میں کیری ڈبے، مہران موٹر کار،شاہ زور اور XLI گاڑیاں شامل ہیں برآمد کیں۔

اس کاروائی میں ضلع مانسہرہ میں تعینات اینٹی کارلفٹنگ سیل کے انچارج ASIجان نثار کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، میں ڈی پی او مانسہرہ اور انکی تمام ٹیم کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں انشاء اللہ ہزارہ پولیس آئندہ بھی اسطرح جرائم پیشہ افراد کیخلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی، انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش کے عمل میں کچھ پہلو اور کچھ اہم معلومات ہوتی ہے جو پولیس کو چھپانا ضروری ہوتی ہیں کیونکہ وہ اگر بتا دی جائیں تو جرائم پیشہ افراد ان چیزوں کو فائدہ اٹھا کر ہوشیار ہوجاتے ہیں اس لیے پولیس اہم معلومات میڈیا اور لوگوں سے پوشیدہ رکھتی ہے۔

گرفتار شدہ گروہ میں امان اللہ ولد مہناج قوم سواتی سکنہ پشوڑہ بٹگرام حال چنار روڈ مانسہرہ،اورنگزیب ولد محمد ذرین قوم سواتی سکنہ پٹن کوہستان حال فارم سٹاپ اچھڑیاں،کامران ولد ملک امان قوم شنواری سکنہ توت کئی تحصیل تنگی ضلع چارسدہ،خالد اقبال ولد مجتبی قوم کوہستانی سکنہ دوبیر کوہستان حال ڈاڈر بسالہ شنکیاری،سیف الرحمان ولد سید وزیر قوم اعوان سکنہ پٹن کوہستان حال کرکالہ مانسہرہ،محمد طیب عرف فرشتہ ولد عبدالقیوم سکنہ فوارا چوک راولپنڈی،شاہ فیصل ولد شمروز خان سکنہ بابو گڑھی کبا بیان روڈ پشاور اوراختر علی ولد گل فقیر قوم مہمند سکنہ روال کور مہمند اجنسی شامل ہیں اور انکے قبضہ سے مختلف مقدمات میں چوری ہونیوالی 23 گاڑیاں برآمد کی گئیں، ڈی آئی جی ہزارہ میرویس نیاز نے برآمدہ شدہ گاڑیاں جن کے قانونی تقاضے پورے ہوچکے تھے انکی چابیاں مالکان کے حوالے کیں۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ایبٹ آباد، ضلع مانسہرہ اور ضلع بٹگرام کیلئے تقریبا پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران و جوانوں کی نئی بھرتی کی منظوری ہوچکی ہے جس پر جلد از جلد بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گاہزارہ کے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر ہونگے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں