ویمن یونیورسٹی کے فنڈز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر یں گے، محمد عاطف خان

مردان میں صوبے کی واحدآئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لئے بھی کوششیں جاری ہے،صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے حکومت نے دس ارب جاری کئے ہیں ،مردان میں کلچر سنٹر بھی جلد تعمیر کیا جائیگا، سینئر وزیر خیبرپختونخوا کا تقریب سے خطاب

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:15

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہاہے کہ ویمن یونیورسٹی کے فنڈز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر یں گے۔مردان میں صوبے کی واحدآئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لئے بھی کوششیں جاری ہے۔صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے حکومت نے دس ارب جاری کئے ہیں جن میں مختلف اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس،کھیلوں کے میدان اور جمنازیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں کے مقابلے کئے جائیں گے۔

مردان میں کلچر سنٹر بھی بہت جلد تعمیر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن یونیورسٹی مردان کی سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میںصوبائی اسمبلی کے اراکین افتخار علی مشوانی،امیر فرزند خان ،وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین ،ضلع کونسل کے سابق رکن شیر بھادر اور تحصیل کونسل کے سابق رکن آیاز صافی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہاکہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے پانچ ارب روپے جاری کئے ہیں جن میں ڈھائی ارب ہزارہ ریجن،دو ارب مالاکنڈ اور پچاس کروڑ روپے ڈیر ہ اسماعیل خان کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔صوبے میں چارنئے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سیاحوں کی سہولیات کے لئے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سوات،کالام،کمراٹ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نی70ملین ڈالرز کی یقین دہانی کرائی ہے اور بہت جلد سیاحتی مقامات میں سڑکوں کی تعمیر کے مسائل حل ہو نگے۔

عاطف خان نے کہاکہ صوبے میں پہلی مرتبہ نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے لئے 17 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور ان کھیلوں میں ملک بھر سے پانچ ہزار کھلاڑی شرکت کریں گے ۔نیشنل گیمز کے مختلف مقابلے پشاور،مردان اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں میں منعقد کئے جائیں گے جس سے دنیا کو یہ تاثر ملے گا کہ پختون قوم ایک امن پسند قوم ہے اور اپنی مٹی پر امن چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کے تعلیم کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے اور مردان میں ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج تعمیر کیا جا رہا ہے اور کیڈٹ کالج میں کینڈا،امریکہ اور دیگر ممالک کے طالبات نے داخلے لئے ہیں۔مردان میں وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،گرلز کیڈٹ کالج،فاطمہ الفہری ماڈل سکول اینڈ کالج اپنی مثال آپ کے منصوبے ہیں اور اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کے تعلیم کے لئے کیا رہا ہے۔

اس موقع پر وومن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ افسر علی نے سینئر وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی554کنال اراضی پر تعمیر کی جائے گی ۔یونیورسٹی کی تعمیر کے سات پیکجز بنائے گئے ہیں تاکہ یونیورسٹی کی عمارت جلد از جلد تعمیر کی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے یونیورسٹی کے تین پیکجز کے لئے فنڈز ریلیز کئے جن میں سنٹرل لائبریری،باؤنڈری وال،واٹر سپلائی سکیم،نکاسی آب،کار پارکنگ اور یونیورسٹی کے اندرونی سڑکیں شامل ہیں ۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں