میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

12 سے 13 دہشت گردوں نے رات گئے قبول خیل چیک پوسٹ میانوالی پر 3 اطراف سے حملہ کیا‘ پولیس کی جوابی کارروائی اور فائرنگ سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تمام دہشت گرد فرار ہوگئے۔ ترجمان پولیس

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 فروری 2024 10:33

میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام
میانوالی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 13 دہشت گردوں نے رات گئے قبول خیل چیک پوسٹ میانوالی پر 3 اطراف سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر جدید اسلحہ استعمال کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، جس پر چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے بہترین حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تمام دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈی پی او میانوالی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، ڈی پی او میانوالی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پنجاب پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردوں کا ہر طرح سے مقابلہ کے لیے تیار ہیں، عوام کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی پولیس چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز ہیں، پولیس نے ہمیشہ قیمتی جانیں قربان کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے، پنجاب پولیس سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، دہشت گردوں کو ان کے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، پولیس نے جرات و بہادری کی ایک اور تاریخ رقم کی۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں