جھڈو ،وارڈ 2میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے بعد دوبارہ گنتی میں بھی پیپلز پارٹی کا امیدوار کامیاب قرار

پیر 23 نومبر 2015 22:31

جھڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء) جھڈو میں وارڈ 2میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے بعد دوبارہ گنتی میں بھی پیپلز پارٹی کا امیدوار ہی کامیاب قرار پایا ہے ۔ جبکہ درخواست گزار نے ری کاؤنٹنگ پر بھی عدم اعتماد کرتے ہوئے کورٹ میں جانے کا عندیہ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وارڈ 2میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دھاندلی اور پولنگ اسٹیشن کے باہر مبینہ طور پر جلے ہوئے بیلٹ پیپر کے معاملے پر آزاد امیدوار تاج محمد بھٹی کی درخواست پر ڈی۔

آر ۔ او کے احکامات ملنے پر ریٹرننگ آفیس جھڈو میں آر ۔ او محمد بخش سموں، پیپلز پارٹی کے امیدوار سید امداد علی شاہ ، آزاد امیدوار تاج محمد بھٹی کی موجودگی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔ جس کے بعد پی پی کے7 ووٹ کم ہو کر 391سے384پر آگئے جبکہ آزادامیدوار کے5ووٹ بڑھ کر 131سے136ہو گئے۔

(جاری ہے)

دوبارہ گنتی کے نتیجے میں برتری 60سے کم ہو کر48رہ گئی جس پر آر۔

او محمد بخش سموں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید امداد علی شاہ کو دوبارہ کامیاب قرار دیا ہے ۔ آزاد امید وار تاج محمد بھٹی نے ری کاؤنٹنگ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کے29ووٹ انگوٹھے لگا کر ضائع کئے گئے ہیں اور پولنگ اسٹیشن کے باہر پھینکے گئے بیلٹ پیر کے حقائق چھپانے کے لئے آر۔ او نے بیلٹ پیپر کا ریکارڈ انہیں نہیں دیا ہے جس پر عدالت سے رجوع کریں گے ۔ آر او محمد بخش سموں نے کہا کہ وہ تمام تفصیلات امیدواروں کو دے چکے ہیں اگر کوئی عدالت جانا چاہے تو یہ سب کا قانونی حق ہے ۔

متعلقہ عنوان :

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں