ریاست جموں وکشمیرکے پاکستان میں شامل ہونے تک کشمیریوں کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، راجہ نجابت

اتوار 10 ستمبر 2023 15:30

میر پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2023ء) تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہاہے کہ وہ کشمیریوں کا مقدمہ اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک پوری ریاست جموں وکشمیر مکمل طور پر آزاد ہو کر پاکستان میں شامل نہیں ہو جاتی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ نجابت حسین نے ان خیالات کا اظہار سابق ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی چوہدری ذولفقار اعظم ایڈووکیٹ کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت جس خطرناک طریقے سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اور بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کا قتل عام شروع کررہا ہے،وہ نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ اور ظالمانہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی مفادات کو دیکھنے کی بجائے وہاں پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورمعصوم اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام کو دیکھے اور بھارت کے ساتھ تمام سیاسی و سماجی تعلقات کو بھارت میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے سے مشروط کرے۔

راجہ نجابت حسین نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کا ظلم و ستم سہنے کے باوجود پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں، پاکستان میں ضم ہونا چاہتے ہیں اور اپنے آپ کو عملی طور پر پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے جی 20ممالک سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم فوری طور پر بند کروانے کے لئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔عشائیے میں چیئرمین امید ویلفیئر ٹرسٹ یوکے راجہ مہربان حسین، سابق پولیٹیکل سیکرٹری وزیر اعظم آزاد کشمیر عامر ذیشان جرال، سابق کونسلر سید آفتاب حسین شاہ، وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ منگلا کینٹ طارق خان، ڈسٹرکٹ کونسلر پوٹھہ بینسی توقیر نجیب ایڈووکیٹ اوردیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں