ملتان ، اندرون شہر میں 3منزلہ عمارت گرنے سے9افراد جاں بحق2زخمی

منزلہ عمارت دیگر مکانوں پر آگری، ملبے تلے 19 افراد دب گئے تھے ،ریسکیو آپریشن کے بعد 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 زخمیوں کو بھی ریسکیو کرلیا گیا،ریسکیو حکام

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 12 مارچ 2024 10:25

ملتان ، اندرون شہر میں 3منزلہ عمارت گرنے سے9افراد جاں بحق2زخمی
ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 مارچ2024 ء) ملتان میں اندرون شہر کے علاقہ حرم گیٹ محلہ جوادیاں کے قریب افسوسناک واقعہ میں 3منزلہ عمارت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7افراد سمیت 9افراد جاں بحق ہوگئے ،2زخمیوں کو ملبے سے نکال لیاگیا۔جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کر دیاگیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ فہیم عباس، 40 سالہ اہلیہ صنوبر، 15 سالہ بیٹا دانش، 14 سالہ وسیم، 13 سالہ کومل اور بختاور، 12 سالہ امیر علی شامل ہیں۔اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 3 منزلہ عمارت دیگر مکانوں پر آگری تھی، ملبے تلے 19 افراد دب گئے تھے 3 گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 زخمیوں کو بھی ریسکیو کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

اب تمام افراد کو نکال کر ریسکیوآپریشن مکمل کرلیاگیا ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے 5 گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے تلے دبے 9 افراد کی لاشیں جبکہ 2 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محلہ جوادیاں میں رہائشی عمارت صبح 4 بجے اپنی مخدوش حالت کے باعث گرگئی۔

زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمارت گرنے کے محرکات کی مکمل تحقیقات کروائی جائےگی۔ اطراف کی عمارتوں کی انسپکشن کےلئے ٹیکنیکل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔تین منزلہ عمارت گرنے کے حوالے سے ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ عمارت کا کچھ ملبہ اس کے دائیں بائیں واقع مکانات پر گرا تھا۔ ریسکیو آپریشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن ڈاکٹر کلیم کی زیرِنگرانی کیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع 15 پرپولیس کو دی گئی تھی۔ مقامی پولیس موقع پر موجود ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں